انتظامیہ نے ہمارا راستہ روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کیں، ہم پُرامن لوگ ہیں راستہ کھولا جائے، مولانا فضل الرحمٰن


لاہور (قدرت روزنامہ) سربراہ جے یو آئی ایف مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے ہمارا راستہ روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کیں، ہم پُرامن لوگ ہیں راستہ کھولا جائے، ہم چاہتے ہیں کہ پولیس، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر قانون کے تابع ہوں، کسی جابر قوت کے اشاروں پر نہ چلیں، ہم سول سپرمیسی کو طاقت دلانا چاہتے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی ایف مولانا فضل الرحمٰن نے ملتان روڈ ٹھوکر کے قریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے عمداً ہمارا راستہ روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں، ہم پُرامن لوگ ہیں، بڑے نظم و ضبط کے ساتھ جا رہے ہیں، ہمارا راستہ کھولا جائے، ہم کوئی جرم یا ہنگامہ کرنے نہیں جا رہے، اپنے آئینی اور جمہوری حق کو استعمال کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہمیں سرگودھا جانے کی اجازت دی جائے، ورنہ پورا ملک بند رہے گا، کوہستان سے چترال، چمن سے مکران اور کراچی تک آپ کی استقامت کے باعث ملک بند ہو چکا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ وہ تھک جائیں گے، ہم نہیں تھکیں گے، ہم نے اپنی پوری تاریخ امن کے ساتھ رقم کی ہے، ہم انسانی جان کی قدر اور تحفظ کو سمجھتے ہیں، ہم اپنا خون دینے کے لیے تیار ہیں، کارکن ڈٹے رہیں، انہیں ہمارا راستہ کھولنا پڑے گا، ہر قیمت پر اپنی منزل تک پہنچیں گے، چاہے ہمیں جان ہی کیوں نہ دینی پڑے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ایک طرف ان کے جبر کی انتہا ہے اور دوسری طرف ہمارے صبر کی انتہا ہے، یہ صبر کا مقابلہ ہے اور ان شاء اللہ صبر ہی جیتے گا، إِنَّ اللَّهَ مَعَ الصَّابِرِينَ، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم اپنا حق حاصل کریں گے، قوم اور عوام کو ان کا حق دلائیں گے، ہم سول سپرمیسی کو طاقت دلانا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پولیس، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر قانون کے تابع ہوں، کسی جابر قوت کے اشاروں پر نہ چلیں، ہم انتظامی افسران کو آزاد کرانا چاہتے ہیں، ہم آپ کی بھی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert