آزاد کشمیر حکومت کا 15 ارب روپے کے 100 روزہ ترقیاتی پلان کے تحت متعدد منصوبوں کا اعلان

آزاد کشمیر (قدرت روزنامہ)حکومت آزاد کشمیر نے 15 ارب روپے مالیت کے 100 روزہ ترقیاتی پلان سمیت متعدد منصوبوں کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، سیاحت، روزگار، ڈیجیٹل گورننس، ماحولیات اور سماجی بہبود کے شعبوں میں متعدد منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

حکومتی وزرا نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 100 روزہ پلان کے تحت شروع کیے جانے والے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پریس کانفرنس میں وزراء ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر، کرنل (ر) وقار احمد نور، سردار عمیر نعیم، چوہدری عبدالرحمن، راجہ ریاست، اراکین اسمبلی چوہدری محمد رزاق اور سحرش قمر، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف شریک ہوئے۔

صحت کے شعبے میں 70 موبائل اسپتال یونٹس فراہم کرنے کا منصوبہ
پلان کے تحت صحت کے شعبے میں ‘صحت کارواں’، ‘صحت سہولت’ اور ‘ضروری ادویات پروگرام’ شروع کیے جائیں گے۔ صحت کارواں پروگرام کے تحت دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 70 موبائل اسپتال یونٹس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ صحت سہولت پروگرام کے تحت 20 ماڈل بنیادی مراکز صحت اور 10 ماڈل رورل ہیلتھ سینٹرز قائم ہوں گے۔

تینوں ڈویژنز کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں آپریشن تھیٹرز اور نرسری یونٹس قائم کرنے کے علاوہ ضلعی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتالوں کی اپ گریڈیشن بھی پلان میں شامل ہے۔ ضروری ادویات پروگرام کے تحت بڑے اسپتالوں میں ادویات، ایمرجنسی سروسز اور ڈائیلاسز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ کوٹلی، راولاکوٹ اور بھمبر میں کیتھ لیبز جبکہ مظفرآباد، کوٹلی اور میرپور میں اسٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ باغ میں محمد نواز شریف جدید کارڈیک اسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔

5 دانش اسکول اور مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی قائم کرنے کا منصوبہ
تعلیم کے شعبے میں ‘درسگاہ’ پروگرام کے تحت اسکولوں سے باہر بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ اسکولوں میں سیلولر بائیومیٹرک حاضری نظام نافذ کرنے اور فرنیچر فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

آزاد کشمیر میں 5 دانش اسکولوں کی تعمیر اور مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کے قیام کے علاوہ روشن مستقبل پروگرام کے تحت نواز شریف اسکول آف ایمننس کے قیام کے لیے کنسلٹنسی سروسز بھی فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: 100 روزہ اصلاحاتی پلان پر اہم اجلاس: عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

ہونہار طلبہ کے لیے ‘کامیاب اسکالرشپ پروگرام’ اور ‘قائداعظم اسکالرشپ پروگرام’ شروع کیے جائیں گے، جبکہ اے جے کے لیپ ٹاپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں میرٹ کی بنیاد پر پانچ ہزار لیپ ٹاپ تقسیم ہوں گے۔

7شہروں میں 75 گرین الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ‘کشمیر ایکسپریس سروس’ کے تحت آزاد کشمیر کے سات شہروں میں 75 گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، میرپور، سدھنوتی، بھمبر اور کوٹلی میں گرین بسوں کے روٹس کی ری کنڈیشنگ جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اے جے کے ون پورٹل، وزیراعظم شکایات سیل اور ریسکیو 1122 یونٹس قائم ہوں گے

ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے ‘اے جے کے ون پورٹل’ متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے ای اسٹیمپنگ، ای ٹینڈرنگ، ای پروکیورمنٹ، ای پیمنٹ اور دیگر سرکاری خدمات ایک ہی آن لائن ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوں گی، جبکہ وزیراعظم شکایات سیل بھی قائم کیا جائے گا۔ نیلم اور باغ میں ریسکیو 1122 کے یونٹس کا قیام بھی 100 روزہ پلان کا حصہ ہے۔

10 اضلاع میں ستھرا کشمیر پروگرام شروع ہوگا
شہری صفائی اور خوبصورتی کے لیے ‘ستھرا کشمیر پروگرام’ آزاد کشمیر کے تمام 10 ضلعی ہیڈکوارٹرز میں شروع کیا جائے گا۔ ‘نکھرا مظفرآباد’، ‘نکھرا میرپور’ اور ‘نکھرا راولاکوٹ’ منصوبوں کے تحت شہروں کی خوبصورتی، پارکس، گرین ایریاز، فوڈ کورٹس اور دیگر شہری سہولیات بہتر بنائی جائیں گی۔

26 گیسٹ ہاؤسز اور 32 ٹک شاپس کی تزئین و آرائش ہوگی
سیاحت کے فروغ کے لیے ‘ڈسکور اے جے کے’ پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے تحت ایکو ٹورزم اور سیاحتی مقامات کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف سیاحتی مقامات پر 26 گیسٹ ہاؤسز اور 32 ٹک شاپس کی تزئین و آرائش کی جائے گی، جبکہ ‘کلین ٹورازم آزاد کشمیر’ بھی منصوبے کا حصہ ہوگا۔

کوہالہ، مظفرآباد اور آزاد پتن، راولاکوٹ شاہراہوں پر ریسٹ ایریاز قائم کیے جائیں گے، جبکہ ہائیکنگ اور ایڈونچر ٹریلز بھی تعمیر ہوں گے۔ مظفرآباد میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ اور راولاکوٹ میں پارکس اور گرین ایریاز قائم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

نوجوانوں کو بلاسود قرضے، سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن
نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ‘آسان کاروبار پروگرام’ کے تحت سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا جائے گا، جبکہ ‘نوجوان روزگار اسکیم’ کے تحت نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

بے گھر افراد کے لیے اپنا گھر اور بیٹیوں کی شادی کے لیے دھی رانی پروگرام
سماجی بہبود کے شعبے میں ‘اپنا گھر پروگرام’ کے تحت بے گھر افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضے دیے جائیں گے، جبکہ مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی اجتماعی شادیوں کے لیے ‘دھی رانی پروگرام’ شروع کیا جائے گا۔ ماحولیات کے تحفظ اور شاہراہوں کو سرسبز بنانے کے لیے ‘سرسبز شاہراہ پروگرام’ کے تحت سڑکوں کے اطراف شجرکاری کی جائے گی۔

بعض منصوبے 6 ماہ یا اس سے زائد عرصے میں مکمل ہوں گے
حکومتی وزراء کے مطابق بعض منصوبوں کی تکمیل میں 6 ماہ یا اس سے زیادہ عرصہ درکار ہوگا، جن میں تینوں ڈویژنز میں لینڈ فل سائٹس کا قیام، مظفرآباد میں سلاٹر ہاؤس کی تعمیر، اربن ڈرینیج اور فلڈ پروٹیکشن پروگرام شامل ہیں۔ پونچھ، بھمبر اور کوٹلی میں گرین بسوں کے ٹریکس کی ری سرفیسنگ بھی کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert