آزاد کشمیر میں ترقیاتی انقلاب لانا چاہتے ہیں، شہباز شریف منصوبوں پر فوری کام شروع کریں، میاں نواز شریف

آزاد کشمیر (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد جموں کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دینے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو موٹروے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
ان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کا ماضی دردناک ہے، ماضی کی حکومتوں نے عوام کے ساتھ بے حسی کا سلوک کیا، اب عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آزاد جموں کشمیر کے لیے آئندہ 100 روزہ ترقیاتی پلان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا ماضی بڑا دردناک رہا ہے، یہاں ایسی حکومتیں بھی آئیں جنہوں نے عوام کو فراموش کر دیا اور ان کے مسائل سے بے حسی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے اور عوام کو عملی طور پر ترقیاتی کام نظر آئیں۔
نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے آئندہ 100 دن کے لیے ترقیاتی پلان مرتب کیا ہے، اللہ تعالیٰ اس حکومت کو کامیاب کرے۔ وہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
افتخار گیلانی میں اپنا جذبہ دیکھ رہا ہوں، نواز شریف
سابق وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس جذبے کے ساتھ وہ کام کرنا چاہتے ہیں، وہی جذبہ انہیں افتخار گیلانی میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔
انہوں نے دلچسپ انداز میں ماضی کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ازراہِ مذاق کہا تھا کہ اگر الیکشن جیت گئے تو میں آزاد کشمیر کا وزیراعظم بن جاؤں گا۔ اب افتخار گیلانی وزیراعظم بن گئے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے میں خود وزیراعظم بن گیا ہوں۔
نواز شریف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور عوام کی خدمت کے ذریعے کامیابی کے ریکارڈ قائم کرے۔
آزاد کشمیر میں موٹروے لانا چاہتے ہیں
نواز شریف نے آزاد کشمیر میں موٹروے منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو ہدایت کی کہ موٹروے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں پر رہی ہے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں ملک بھر میں سڑکوں اور موٹرویز کا جال بچھانے کے لیے کام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ختم نہ ہوتی تو سکھر، حیدرآباد موٹروے بھی اب تک مکمل ہو چکی ہوتی۔ ہم نے گوادر سے کوئٹہ تک ہائی وے تعمیر کی، جبکہ میرے دور حکومت میں لواری ٹنل کا منصوبہ بھی مکمل ہوا۔
نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں بھی جدید مواصلاتی انفراسٹرکچر اور موٹروے منصوبے لانا چاہتے ہیں تاکہ خطے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔
مریم نواز نے مظفرآباد اور میرپور کے لیے گرین بسیں فراہم کیں
نواز شریف نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے مظفرآباد اور میرپور کے لیے گرین بسیں فراہم کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں بہت اچھے کام کیے تھے، جنہیں اب مریم نواز آگے بڑھا رہی ہیں۔ اچھا کام کرنے پر شہباز شریف کے ساتھ ساتھ مریم نواز کو بھی شاباش دینا چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بڑی ہمت اور حوصلے کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور معیشت کو درست سمت میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ہمارے دور میں ڈالر 104 روپے تھا، آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا
سابق وزیراعظم نے ملکی معیشت کی صورت حال اور گزشتہ ادوار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں بہتر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ڈالر کی قیمت 104 روپے تھی اور ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، تاہم گزشتہ حکومت آئی ایم ایف کو دوبارہ پاکستان لے آئی۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر میں 100 روزہ پلان پر عملدرآمد، نواز شریف کے سامنے اہم منصوبوں کی رونمائی جلد ہوگی، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری
نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں شرح سود مہنگائی کی شرح سے کم تھی، جبکہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے شہباز شریف کی معاشی مشکلات کے باوجود کام جاری رکھنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بڑی ہمت سے حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
15 سال خیبر پختونخوا میں حکومت کرنے والوں نے عوام کے لیے کیا کیا؟
نواز شریف نے دیگر سیاسی جماعتوں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جو حکومت 15 سال تک خیبر پختونخوا میں برسراقتدار رہی، اس نے عوام کے لیے کیا کیا؟
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے اپنے ادوار میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں ہمیشہ ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاح شامل رہی ہے۔
