ریفرنڈم و صوبے کی بات کرنا غیر آئینی نہیں: اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی

کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا ہے کہ ریفرنڈم اور صوبے کی بات کرنا غیر آئینی نہیں ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا ہے کہ میئر کراچی مینڈیٹ کی بات کرتے ہیں تو وہ اپنا الیکشن دیکھ لیں۔
علی خورشیدی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی بات کر رہے ہیں 18 سال سے اقتدار کس کے پاس ہے؟ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر کا کیا حال ہے جا کر عوام سے پوچھیں، حیدرآباد میں عوام کو تو پینے کا پانی بھی میسر نہیں۔
متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما کا کہنا ہے کہ موجودہ بلدیاتی نظام مکمل ناکام ہے، اسی لیے ایم کیو ایم نے بائیکاٹ کیا تھا، سندھ بھر کے میئرز کو بلا لیا انہوں نے، کیوں کہ ان کے پاس کچھ ہے نہیں، ان سے بس باتیں کروا لو کام ان سے ہوتا کچھ نہیں ہے۔
علی خورشیدی نے کہا کہ جب آپ سےکام نہیں ہو گا تو جمہور کا بھلا تو ہونا ہے؟ آپ کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں گورننس ماڈل کو بہتر کرنے کی بات چل رہی ہے، ریفرنڈم یا صوبے کی بات کرنا غیر آئینی نہیں ہے۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا ہے کہ دھمکی آمیز رویے کی پورا پاکستان مذمت کر رہا ہے، آپ وفاقی وزیرِ داخلہ کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
