سوئی سدرن سالانہ اربوں روپے بل وصول کر رہی ہے، کوئٹہ میں گیس فراہمی کا دورانیہ رات 12 بجے تک بڑھایا جائے: اراکینِ اسمبلی
شدید سردی میں گیس پریشر کی کمی اور لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے، فوری ریلیف دیا جائے: میر زابد ریکی، مولانا ہدایت الرحمٰن و دیگر

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) اراکین بلوچستان اسمبلی نے کہا ہے کہ ہر سال جب سردی شروع ہوتی ہے تو کوئٹہ شہر سمیت دیگر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے سوئی سدرن گیس کمپنی سالانہ اربوں روپے بلوں میں وصول کر رہی ہے لیکن اس کے برعکس گیس کی فراہمی غیر معمولی ہے کوئٹہ شہر میں گیس کی دورانہ کو رات 12 بجے تک بڑھائی جائے تاکہ سردی سے عوام بچ سکے ‘یہ بات رکن بلوچستان اسمبلی میر زابد علی ریکی‘مولانا ہدایت الرحمن بلوچ‘مولانا نور اللہ اور فضل قادر مندوخیل نے الگ الگ بات چیت کرتے ہوئے کیا اراکین بلوچستان اسمبلی نے کہا ہے کہ شہر میں شدید سردی کے پیش نظر سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کے دورانیے میں اضافہ کیا جائے اور گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خصوصاً صبح اور رات کے اوقات میں گیس پریشر انتہائی کم ہونے سے گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں۔ خواتین، بچوں، بزرگوں اور طلبہ کو سرد موسم میں کھانے پکانے اور دیگر ضروریات پوری کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی عوام کی بنیادی ضرورت ہے، لہٰذا متعلقہ حکام شہریوں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے گیس پریشر میں بہتری لائیں اور گیس فراہمی کے موجودہ اوقات میں اضافہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔اراکین بلوچستان اسمبلی نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور متعلقہ حکام پر زور دیا کہ کوئٹہ شہر میں گیس کی فراہمی کے مقررہ اوقات میں اضافے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو سردی کے موسم میں ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
