وزیر اعظم نے اصلی اور جعلی دوا کی پہچان کرنے والی ’محفوظ دوا‘ موبائل ایپ کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے جعلی ادویات کے خاتمے اور عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی ’محفوظ دوا‘ موبائل ایپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران انہوں نے اس ایپ کی مدد سے دوا کے ایک پیک کو اسکین کیا اور اس کے نتائج شرکا کو دکھائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ماضی کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے جعلی ادویات اسکینڈل کا حوالہ دیا اور کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ہی ہم ملک میں صحت کا نظام بہتر بنا سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ 2010 اور 2011 کے دور کی بات ہے جب وہ بطور ’خادمِ پنجاب‘ خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ اس وقت پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جعلی دوا کے استعمال سے تقریباً 100 پاکستانی شہری اور بزرگ انتقال کر گئے تھے اور تنقید کے تمام تیر ان کی طرف برسنے شروع ہو گئے تھے۔

شہباز شریف نے واقعے کی مزید تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے فی الفور ان ادویات کے نمونے (سیمپلز) لیے اور بلا تاخیر لندن، جنیوا اور پیرس کی عالمی شہرت یافتہ لیبارٹریوں میں بھجوائے۔ اس وقت کی وفاقی حکومت نے فوری بیان داغ دیا کہ ڈریپ سے چیک کرایا گیا ہے اور دوائیاں بالکل مستند ہیں، سارا قصور پنجاب حکومت کا ہے۔ لیکن جب لندن، پیرس اور جنیوا کی لیبز سے رپورٹیں آئیں تو انکشاف ہوا کہ یہ دل کی دوائیاں ہیں ہی نہیں بلکہ ملیریا کی ناقص دوائیاں ہیں جو شدید عارضہ قلب میں مبتلا مریضوں کو دی جا رہی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس ادارے نے ماضی میں اس جعلی دوا کو محفوظ قرار دیا تھا، آج اسی ادارے (ڈریپ) نے صحیح معنوں میں محفوظ دوا کی پہچان کے لیے یہ ایپ بنائی ہے جو ماضی کی غلطیوں کا بہترین ازالہ ہے۔

انہوں نے ایپ کی افادیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں تین اہم خصوصیات شامل کی گئی ہیں: ”دوائی مستند ہے یا جعلی ہے، اس دوائی کی سرکاری قیمت کیا ہے، اور تیسری بات یہ کہ دوائی دستیاب ہے یا نہیں؟ یہ بہت شاندار انٹروینشن ہے۔“

’ادویات کو عوام کی پہنچ میں لانا اصل چیلنج ہے‘
وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ اصل چیلنج ادویات کی قیمتوں کو اس سطح پر لانا ہے جو غریب اور عام آدمی کی قوتِ خرید کے مطابق ہو۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ تو مہنگے ترین ہسپتالوں میں علاج کرا سکتی ہے لیکن ملک کے کروڑوں غریب والدین، ماؤں، بہنوں اور یتیم بچوں کے لیے مہنگی دوا کا حصول ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ”قائداعظم کے ویژن کے مطابق صحت اور تعلیم سب کے لیے برابر ہونی چاہیے۔“

انہوں نے فارما انڈسٹری کے مالکان اور ماہرین کو مل بیٹھ کر عام آدمی کے لیے سستی ادویات کی فراہمی کے نئے راستے نکالنے کی دعوت دی اور وزارتِ اطلاعات و وزارتِ آئی ٹی کو ہدایت کی کہ جس طرح فیول سبسڈی کا پیغام گھر گھر پہنچایا گیا، اسی طرح ’محفوظ دوا‘ ایپ کو بھی ملک کے کونے کونے میں عام کیا جائے تاکہ ہر شہری اس سے فائدہ اٹھا سکے۔

92 ہزار ادویات ڈیٹا بینک کا حصہ ہیں، مصطفیٰ کمال
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی تاریخ میں پہلی بار ملک میں تیار ہونے والی 92 ہزار ادویات کا مکمل ڈیٹا نیشنل ڈیٹا بینک میں محفوظ کر لیا گیا ہے جس کے تحت اب عام شہری صرف اپنے موبائل فون کی اسکرین پر رنگ دیکھ کر اصلی اور جعلی دوا کی فوری پہچان کر سکیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے محض 3 ماہ کے قلیل عرصے میں یہ سافٹ ویئر تیار کر لیا تھا تاہم فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو قائل کر کے ان کی مینوفیکچرنگ لائنز پر سرمایہ کاری کروانا اور 92 ہزار ادویات کا ڈیٹا یکجا کرنا ایک انتہائی کٹھن مرحلہ تھا۔

مصطفیٰ کمال نے تقریب کو بتایا کہ ابتدا میں اس عمل کو یقینی بنانے کے لیے کوئی قانون موجود نہیں تھا جس پر حکومت نے سخت قانون سازی کی اور ایک حتمی تاریخ مقرر کی کہ اگر مقررہ وقت تک انڈسٹریز نے تعاون نہ کیا تو انہیں سیل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے اس کامیابی کا تمام کریڈٹ فارما انڈسٹری کو دیتے ہوئے کہا کہ ”آج اگر کوئی دوا غلط یا ناقص نکلتی ہے تو ہم نہ صرف اس کمپنی بلکہ اس کی متعلقہ مشین اور ٹائمنگ تک پہنچ سکتے ہیں کہ یہ بیچ کس وقت تیار ہو کر مارکیٹ میں گیا۔“

ایپ کا ’ریڈ اینڈ گرین‘ فیچر
ایپلیکیشن کی افادیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے دیہاتوں اور گوٹھوں میں تقریباً 20 کروڑ موبائل فونز موجود ہیں اور جو شہری پڑھنا لکھنا نہیں جانتے وہ بھی اس سسٹم سے باآسانی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس سسٹم کو جان بوجھ کر ’ریڈ اور گرین‘ یعنی سرخ اور سبز رنگوں پر مبنی رکھا گیا ہے۔ اگر دوا جعلی ہوگی تو موبائل اسکرین سرخ ہو جائے گی اور اگر اصلی ہوگی تو سبز رنگ ظاہر ہوگا، جس سے کوئی بھی شخص محض رنگ دیکھ کر دوا کے اصلی یا جعلی ہونے کا فیصلہ کر سکے گا۔

مصطفیٰ کمال نے اس منصوبے کی تکمیل پر وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ، سیکرٹری آئی ٹی اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی ڈھانچہ وزارتِ آئی ٹی نے فراہم کیا جس کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اتنا بڑا منصوبہ شروع ہونے پر منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر بھی سرگرم ہوں گے تاہم کسی کو گھبرانے یا پینک ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہر ممکنہ مسئلے کا حل موجود ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منفرد پاکستانی پراڈکٹ نہ صرف قومی سطح پر انقلاب برپا کرے گا بلکہ مستقبل میں دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert