نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، جبکہ صوبے کے چار اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیاب کارروائیاں امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں اور آپریشن عزمِ استحکام کے تحت کیے جانے والے اقدامات امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔ بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دشمن عناصر بیرونی سرپرستی کے باوجود اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، بدامنی پھیلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور صوبے میں امن و امان کے قیام و عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert