تین ایئر پورٹس، بجلی کی 9 کمپنیز برائے فروخت! چیئرمین نجکاری کمیشن نے سب کچھ بتا دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت اس وقت 17 مختلف ٹرانزیکشنز پر تیزی سے کام ہو رہا ہے جن میں بجلی کی تقسیم کار 9 کمپنیاں اور ملک کے 3 بڑے ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔
کراچی میں سی ایف اے (CFA) انویسٹمنٹ فورم کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری کے لیے بولی کا عمل 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے جبکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے تجاویز کی طلبی (آر ایف پی) آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت میں نجی سرمایہ کاری لانے کے لیے حکومتی کردار کا درست تعین، سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی فراہمی اور مارکیٹ میں مسابقت کی فضا کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔
مشیر نجکاری کا کہنا تھا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ حکومت کا بنیادی کام کاروبار چلانا نہیں بلکہ سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک کی کامیاب نجکاری کو پیچیدہ مالیاتی ٹرانزیکشنز کی تکمیل میں ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا۔
