بیوی سے مار کھانے والے مردوں کے لیے بلیک بٹن ہونے چاہئیں، مریم نواز
یہ صرف بچیوں اور بیٹیوں کا ہی نہیں بلکہ بیٹوں اور مردوں کا بھی دور ہے، تاہم پنجاب اور پاکستان کی بیٹیوں نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران جتنی ترقی کی ہے، اس سے پہلے کبھی اتنی ترقی نہیں کی، وزیراعلیٰ پنجاب کا خطاب

چکوال(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کو ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے پنک بٹن پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیویوں سے مار یا ڈانٹ کھانے والے مردوں کے لیے بھی بلیک بٹن ہونے چاہئیں۔ یونیورسٹی آف چکوال میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز ایک وزیر نے انہیں بتایا کہ ایسی بچیوں اور خواتین کے لیے پنک بٹن متعارف کرایا گیا ہے جنہیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ اگر خواتین کے لیے ہراسانی سے تحفظ کی سہولت موجود ہے تو ان مردوں کے لیے بھی بلیک بٹن ہونے چاہئیں جنہیں کبھی اپنی بیویوں سے مار یا ڈانٹ کھانی پڑتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ صرف بچیوں اور بیٹیوں کا ہی نہیں بلکہ بیٹوں اور مردوں کا بھی دور ہے۔
تاہم پنجاب اور پاکستان کی بیٹیوں نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران جتنی ترقی کی ہے، اس سے پہلے کبھی اتنی ترقی نہیں کی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں خواتین کی اس پیش رفت پر بہت فخر ہے اور وہ اس بات پر خوش ہیں کہ پنجاب کی خواتین مختلف شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہیں۔
بیوی سے مار کھانے والے مردوں کے لیے بلیک بٹن ہونے چاہئیں، وزیراعلیٰ مریم نواز https://t.co/bq8LCmRyPH
— WE News (@WENewsPk) November 27, 2026
وزیر اعلیٰ پنجاب مزید کہنا تھا کہ اگر صاحبِ حیثیت افراد کے بچے لاکھوں روپے فیس ادا کرکے بڑے نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں تو پنجاب میں ایسے اسکول بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے اور ان کا تعلیمی معیار بڑے نجی اسکولوں سے بھی بہتر ہے۔
یونیورسٹی آف چکوال میں اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں سے بہت سے بچے جانتے ہوں گے کہ ان کے والدین نے انہیں تعلیم دلوانے کے لیے کتنی قربانیاں دی ہیں۔ کسی کی والدہ نے اسکول کی فیس ادا کرنے کے لیے کمیٹیاں ڈالیں، کسی نے گھر کی کوئی چیز فروخت کی، جبکہ بعض والدین نے اپنی ضروریات قربان کرکے بچوں کی تعلیم کے اخراجات پورے کیے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے والدین ایسے بھی ہیں جن کے لیے گھر کا کچن چلانا، علاج معالجے کے اخراجات پورے کرنا اور بجلی کے بل ادا کرنا مشکل ہوتا ہے، لیکن اس کے باوجود وہ بچوں کی تعلیم کے لیے اپنی محدود آمدنی میں سے رقم نکالتے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ طلبہ کے والدین نے محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے بچوں کو اس مقام تک پہنچایا۔ والدین نے اپنی ذمہ داری پوری کردی، اب بچوں کی تعلیم اور بہتر مستقبل کی ذمہ داری حکومت پنجاب اٹھائے گی۔
