سموگ کے موسم میں آنکھوں کی حفاظت کیسے کریں؟ اہم ہدایات جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فضائی آلودگی اور سموگ کے باعث آنکھوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
ماہرین کے مطابق ہوا میں موجود دھول، باریک ذرات اور آلودہ مادے آنکھوں کی حساس سطح کو متاثر کرسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں آنکھوں میں سرخی، خشکی، جلن، خارش اور سوزش جیسی شکایات پیدا ہوسکتی ہیں۔ فضائی آلودگی آنکھوں کو نم رکھنے والی قدرتی آنسوؤں کی تہہ کو بھی متاثر کرتی ہے، جس سے آنکھوں میں خشکی اور بے چینی بڑھ جاتی ہے۔ یہ مسئلہ خاص طور پر ان افراد میں زیادہ ہوسکتا ہے جو پہلے سے خشک آنکھوں کا شکار ہیں یا طویل وقت تک موبائل فون اور کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سموگ کے دوران باہر نکلتے وقت عینک کا استعمال کریں اور آنکھوں کو بار بار رگڑنے سے گریز کریں۔ آنکھوں میں خشکی کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے سے چکنا کرنے والے آئی ڈراپس استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ گھر واپس آنے کے بعد بند آنکھوں پر ٹھنڈے پانی میں بھگویا ہوا صاف کپڑا چند منٹ رکھنے سے جلن میں آرام مل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی کی شدت زیادہ ہونے پر کھڑکیاں بند رکھیں اور ممکن ہو تو ایئر پیوریفائر استعمال کریں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر آنکھوں میں شدید سرخی، درد، روشنی برداشت نہ ہونے یا دھندلا دکھائی دینے جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
