فٹبال شائقین کےلیے بڑی خوشخبری، میسی اور رونالڈو سے متعلق اہم خبر

بیونس آئرس(قدرت روزنامہ)ارجنٹائن کے سابق اسٹار فٹ بالر کارلوس تیویز کے الوداعی میچ میں لیونل میسی کی شرکت کی تصدیق ہوگئی ہے، جبکہ پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی شرکت سے متعلق فیصلہ تاحال سامنے نہیں آسکا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خصوصی نمائشی میچ 20 دسمبر کو ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے تاریخی لا بومبونیرا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جسے ’’اپاچیز لاسٹ ڈانس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
42 سالہ کارلوس تیویز نے 2022 میں اپنے آبائی کلب بوکا جونیئرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پیشہ ورانہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے ارجنٹائن کی قومی ٹیم میں لیونل میسی جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ میں کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے اگر اس تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی تو فٹبال شائقین کو ایک تاریخی منظر دیکھنے کو مل سکتا ہے، جب طویل عرصے تک ایک دوسرے کے بڑے حریف رہنے والے میسی اور رونالڈو ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں اتریں گے۔
لیونل میسی کی شرکت تو یقینی ہوچکی ہے، تاہم سعودی فٹبال کلب النصر کے ساتھ مصروفیات کے باعث رونالڈو کی شرکت کا حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
اس یادگار مقابلے میں فٹبال کی دنیا کے کئی دیگر معروف کھلاڑی بھی شرکت کریں گے، جن میں اٹلی کے لیجنڈری گول کیپر جان لوئیجی بوفون، خوان رومان ریکلمے، ریو فرڈینینڈ، سرخیو آگوئرو، مارٹن پالرمو اور گیبریل باتیستوتا شامل ہیں۔
میچ میں دونوں ٹیموں کی کوچنگ کے فرائض روبرٹو مانچینی اور کارلوس بیانکی انجام دیں گے۔
