مکہ دفاعی اتحاد کا اسلام آباد میں اجلاس، پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ کے اعلیٰ حکام شریک

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل سہ فریقی مکہ دفاعی اتحاد کی سیاسی و دفاعی کمیٹی کے تیسرے اجلاس کا پہلا روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق دو روزہ اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ و دفاع کے ساتھ ساتھ اعلیٰ عسکری قیادت بھی شریک ہے۔
یہ اجلاس مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتِ حال کے تناظر میں ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت، انٹیلی جنس کے تبادلے، عسکری ہم آہنگی، باہمی آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی پیداوار و ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا گیا۔
مکہ دفاعی اتحاد کے تحت انٹیلی جنس کے تبادلے، مشترکہ فوجی تربیت، دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مسلح افواج کے درمیان قریبی تعاون کا تصور پیش کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں علاقائی پیش رفت، انسدادِ دہشت گردی کے تعاون، بحری سلامتی اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک رہنماؤں کی وزیرِاعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ غیر ملکی وفود کی آمد اور سہ فریقی دفاعی اجلاس کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
جس معاہدے کے تحت یہ اجلاس ہو رہا ہے اس پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے رواں سال اگست میں دستخط کیے تھے۔ معاہدے کی نوعیت دفاعی ہے جس کے تحت تینوں ممالک نے کسی ایک ملک پر حملے کی صورت میں اس کی مدد کا عہد کیا تھا۔
اس اتحاد کا مرکزی فیصلہ ساز فورم ’اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی‘ ہے جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور سربراہانِ دفاعی افواج شامل ہیں۔
اتحاد کے امور میں رابطہ کاری کے لیے ریاض میں مستقل سیکریٹریٹ قائم کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو 3 سال کے لیے اس کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ رکن ممالک کے حکام پر مشتمل ایک ورکنگ کمیٹی بھی کام کر رہی ہے۔
ترکیہ کی جانب سے معاہدے کی توثیق کے بعد تینوں رکن ممالک کی شمولیت کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تاہم وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق اتحاد کا ادارہ جاتی اور عملی ڈھانچہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ابھی ”ابتدائی مراحل“ میں ہے اور اس کے لائحہ عمل اور عملی طریقہ کار طے کرنے کے لیے باقاعدگی سے اجلاس ضروری ہوں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ابتدا میں ہمیں متواتر اجلاس کی ضرورت ہے تاکہ جو کچھ تشکیل دیا جا رہا ہے اسے درست سمت دی جا سکے اور آئندہ چند ماہ میں تمام ضروری انتظامات مکمل کرکے آگے بڑھ سکیں۔
اجلاس کے ایجنڈا کے حوالے سے وزیرِ دفاع نے کہا تھا کہ اس میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال ہو گا۔
اسلام آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات
اجلاس کے پیش نطر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 28 نومبر کی رات 12 بج کر 30 منٹ تک مختلف شاہراہوں اور ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی عارضی بندش اور ڈائیورژن کا اعلان بھی کیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورژن لگائی جائے گی۔
اس کے علاوہ سرینہ ہوٹل، نادرا چوک، ایوب چوک اور ایکسپریس چوک ٹریفک کے لیے بند رہیں گے جبکہ ریڈ زون میں آمدورفت کے لیے مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور اپنی منزل تک بروقت پہنچنے کے لیے سفر میں کم از کم 20 سے 25 منٹ اضافی رکھیں۔
