ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالرقرض کی منظوری دیدی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرضی کی منظوری دیدی ہے ، یہ قرض دو مختلف منصوبوں کیلئے فراہم کیا جارہاہے ، جس کا مقصد پانی کے بہتر انتظام، زرعی پیداوار میں اضافہ یقینی بنانا ہے جبکہ سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کو بھی مضبوط بنایا جائے گا ۔
اے ڈی بی کے مطابق دونوں منصوبوں سے پاکستان میں تقریباً 7 لاکھ 28 ہزار افراد مستفید ہوں گے،خیبرپختونخوا میں زرعی ترقی کیلئے20 کروڑ80 لاکھ ڈالر کا رعایتی قرض منظور کیا گیا، منصوبے کے تحت نوشہرہ،صوابی اور اپر چترال میں زرعی پیداوار اور چھوٹے کسانوں کی آمدن بڑھائی جائے گی، کے پی کےمیں آبپاشی کے نظام کو بہتر اور جدید بنایا جائے گا، کسانوں کو جدیدزرعی ٹیکنالوجی اور پانی کے بہتراستعمال کی تربیت دی جائے گی۔
خواتین کو روزگار کےمواقع اور معاشی سرگرمیوں کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی، پنجاب میں سیلابی پانی کو محفوظ اور سیلاب کے خطرات کم کرنے کیلئے26 کروڑ ڈالر کا قرض منظور کیا گیا، پنجاب میں آنے والے سیلابی ریلوں کو کنٹرول کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا، بارش اور سیلابی پانی ذخیرہ کرنے اور زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے کے اقدامات ہوں گے، پنجاب میں آبپاشی، نکاسی آب اور سیلاب سے بچاؤ کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا، دونوں منصوبوں سے زرعی پیداوار بڑھےگی،دیہی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، منصوبوں سے زرعی ضروریات، مقامی آبادی اور ماحولیات کیلئے پانی کی دستیابی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، منصوبے غذائی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
