پی ٹی آئی میں بات چل رہی ہے کہ کسی طریقے سے کمپرومائز کرو، عمران خان کو نکالو، محمود اچکزئی
یہ حکومت زر اور زور کی بنیاد پر قابض ہوئی ہے، یہ بڑے خطرناک لوگ ہیں جو جب کچھ کرنا چاہیں تو دنیا جہان کا نقصان اٹھا کر بھی لوگوں سے اپنی بات منواتے ہیں؛ اپوزیشن لیڈر کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے اندر ایک سوچ یہ چل رہی ہے کہ خواہ کچھ بھی ہو یا صوبے بن رہے ہوں، کسی نہ کسی طریقے سے کمپرومائز کرکے عمران خان کو نکالا جائے، میں اس سوچ کے خلاف ہیں۔
صحافی مطیع اللہ جان کے ساتھ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ مذاکرات صرف میرے اور شہباز شریف کے درمیان الیکشن کمیشن اور نئے الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر ہونے تھے، یہ بڑے خطرناک لوگ ہیں جو جب کچھ کرنا چاہیں تو دنیا جہان کا نقصان اٹھا کر بھی لوگوں سے اپنی بات منواتے ہیں، ہم بار بار کہتے ہیں کہ لوگ ناراض ہو جائیں گے، لندن میں تمام پاکستانی جماعتوں نے فیصلہ کیا تھا کہ پاکستان کو کس طریقے سے چلانا ہے۔
قائدِ حزبِ اختلاف نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت زر اور زور کی بنیاد پر قابض ہوئی ہے اور بچوں کو سیدھا گولیاں مارتی ہے، ڈی چوک میں کیا ہوا اور پی ٹی آئی کے بچوں نے کیا کیا تھا، کیا مردہ باد اور زندہ باد کہنا اتنا بڑا گناہ ہے کہ سیدھا سر میں گولی ماری جائے؟۔
پی ٹی آئی میں ایک بات یہ چل رہی ہے کہ جو بھی ہو ،صوبے بن رہے ہو۔ جو ہو رہا ہے کسی طریقے سے کمپرومائز کرو ، عمران کو نکالو ۔۔محمود خان اچکزئی
تو آپ اسکے خلاف ہیں ۔۔ مطیع اللہ جان
میں اس سوچ کے خلاف ہوں ۔۔ محمود خان اچکزئی https://t.co/oMCz5SQmEu— Mahrosh Pervaiz (@MahroshPervaiz1) November 28, 2026
مطیع اللہ جان نے سوال کیا کہ تو آپ نے 26 نومبر کیسے منایا؟ وہ تو اب آپ کو بھی نہیں یاد اور پی ٹی آئی کو بھی یاد نہیں، جس پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو بھی کرتا ہے غلط کرتا ہے اور اپنے بچوں کے جذبۂ حریت کو کچلا جائے گا، لبیک والوں کو گولیاں ماری گئیں، پچھلے دنوں مولانا فضل الرحمان کے ساتھی جلسے کی اجازت چاہ رہے تھے لیکن جلسے کرنے نہیں دیئے جا رہے اور جب لوگ نکلیں گے تو گولی ماری جائے گی، یہ کیسی حکومت ہے جس میں وزیر ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے ہیں اور وزیر خود کہہ دیتا ہے کہ یہ کولیپس ہوگیا، تو پھر بلاول بھٹو ٹھیک کہہ رہا ہے، یہ کون سا ریفرنڈم اور کہاں کا ریفرنڈم ہے، جو کبھی ہوا ہی نہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی سے میرا رابطہ دوستوں، مولانا اور علامہ ناصر عباس کے ذریعے تھا، جن کا یہی مؤقف تھا کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اجازت لے سکیں مگر ملاقات کی اجازت نہ ملی، مذاکرات کے دوران مولانا نے خود بتایا کہ فریقین میں فیصلہ ہو گیا ہے اور انہوں نے مسودہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت سہیل آفریدی ہفتے کو معاملہ ختم کردیں گے اور پیر کو ملاقات ہو جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ رات کو وزیراعظم سے رابطہ نہ ہوا اور صبح نماز کے بعد جب مولانا وہاں گئے تو شہباز شریف نے کابینہ اجلاس کا کہا جس میں اعلان کردیا گیا، اور مولانا کی ناراضگی کی بڑی وجہ یہی ہے کہ معاملہ حل ہونے کے باوجود انہیں سبکی کا سامنا کیوں کروایا گیا، دراصل ایمرجنسی ہر حال میں لگانی تھی، باقی سب بہانے تھے، اس کے آئینی لوازمات بھی پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بات امن کی ہے تو کچے کے ڈاکو حکومت کے قابو میں نہیں اور بلوچستان میں بدامنی ہے، مگر وہاں یہ اقدام نہیں کیا گیا، مجبوراً میں نے اور علامہ صاحب نے اسے چیلنج کیا کیوں کہ اسپیکر، ایم این ایز، ایم پی ایز اور سہیل خان آفریدی غائب ہیں، اسپیکر تو اپنے دفتر میں ہوتا ہے وہ کیسے غائب ہو سکتا ہے، کہیں شنوائی نہ ہونے پر جب وہ سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت گئے تو اسے معطل کر دیا گیا اور اب دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔
