ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں 50 سے 80 روپے فی کلو تک کمی، صارفین کو ریلیف ملنے لگا


لاہور(قدرت روزنامہ)ملک بھر میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں 50 سے 80 روپے فی کلو تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بنیادی وجہ ایل پی جی کی سپلائی میں بہتری اور درآمدات میں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔
مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت 550 روپے فی کلو سے کم ہو کر 480 سے 500 روپے فی کلو کے درمیان آگئی ہے، تاہم قیمت میں کمی کے باوجود ایل پی جی اب بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخ سے 150 سے 200 روپے فی کلو مہنگی فروخت ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کیے جانے اور تفتان بارڈر پر رکے ہوئے سینکڑوں ایل پی جی ٹینکرز (باؤزرز) کو کلیئر کیے جانے کے بعد ملک بھر میں سپلائی بہتر ہوئی ہے، جس کے اثرات لاہور سمیت مختلف شہروں کی مارکیٹوں میں بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
مزید سینکڑوں ایل پی جی ٹینکرز بھی کلیئر کر دیے گئے ہیں جو اس وقت پاکستان کی جانب رواں دواں ہیں، جس سے آنے والے دنوں میں سپلائی مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما رانا عبدالجبّار کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے ایل پی جی کی بروقت درآمد اور تفتان بارڈر پر پھنسے ٹینکرز کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں ملک میں ایل پی جی کی وافر دستیابی ممکن ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپلائی میں بہتری کے باعث کمپنیوں نے اپنی قیمتوں میں کمی کرنا شروع کر دی ہے، جس سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔
رانا عبدالجبّار کے مطابق ایل پی جی کی فراہمی میں مزید بہتری آنے کے ساتھ قیمتوں میں مزید کمی کا بھی امکان ہے، جس سے گھریلو اور تجارتی صارفین کو اضافی ریلیف مل سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert