خواتین کی طرح گھریلو تشدد کا شکار مردوں کے لیے بھی ’بلیک بٹن‘ متعارف کرانے کی تجویز


چکوال(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گھریلو تشدد کا شکار ہونے والے مردوں کے تحفظ کے لیے بھی ’بلیک بٹن‘ متعارف کرانے کی دلچسپ تجویز پیش کردی، جس طرح خواتین کے تحفظ کے لیے ’پنک بٹن‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
چکوال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ ایک روز قبل ایک وزیر نے انہیں پنک بٹن سروس کے بارے میں آگاہ کیا تھا، جس کے ذریعے ہراسانی کا سامنا کرنے والی لڑکیوں کو مدد فراہم کی جاتی ہے۔
اس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے مزاحیہ انداز میں تجویز دی کہ ایسے مردوں کے لیے بھی بلیک بٹن ہونا چاہیے جنہیں گھروں میں ان کی بیویاں تشدد کا نشانہ بناتی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب اس ترقی کی جانب گامزن ہے جس کا انہوں نے تصور کیا تھا، اب وقت بیٹیوں کے ساتھ بیٹوں کی ترقی کا بھی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پنجاب میں خواتین اور لڑکیوں نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، وہ بے مثال ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے انکشاف کیا کہ وہ پیراگلائیڈنگ کا تجربہ کرنا چاہتی تھیں، لیکن ان کی ٹیم نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ کسی دوسرے موقع پر پیراگلائیڈنگ کا شوق ضرور پورا کریں گی۔
نوجوان صرف ڈگری نہیں، کسی شعبے میں مہارت بھی حاصل کریں، مریم نواز
تعلیم کے شعبے پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کامیابی کے لیے اب صرف تعلیمی ڈگری حاصل کرنا کافی نہیں رہا بلکہ کسی مخصوص شعبے میں مہارت پیدا کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی جانب بڑھ رہی ہے، جس کے باعث عمومی تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں کے ماہرین کی اہمیت بھی بڑھ رہی ہے۔
طبی شعبے کی مثال دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے ساتھ امراضِ قلب کے ماہرین (کارڈیالوجسٹس) جیسے اسپیشلسٹس کی ضرورت اور اہمیت بھی بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محض ڈگری حاصل کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنے منتخب کردہ شعبے میں خصوصی مہارت بھی حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں عملی صلاحیتیں، خصوصی تعلیم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا کامیابی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert