پہاڑ اور بندوق مستقبل نہیں، وزیر داخلہ میر ضیا لانگو

ریاست کو بندوق کے زور پر چیلنج کرنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے، صوبائی وزیر داخلہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پہاڑوں پر جانے والے نوجوان بھارتی ترغیبات میں آکر ایک بڑی سازش کا حصہ بن رہے ہیں، پاکستان دشمن عناصر کو ملک کی ترقی اور خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی۔ ریاست نے گزشتہ تین سے چار ماہ سے دہشتگردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر رکھا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں سے قومی شاہراہیں محفوظ اور امن کی بحالی میں بہتری آرہی ہے ۔
خصوصی گفتگو کے پانچویں حصے میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے منتخب ارکان اگر کسی ضلع میں بھتہ خوری کی شکایات رکھتے ہیں تو متعلقہ افراد اور علاقوں کی نشاندہی کریں، حکومت اس پر ضرور کارروائی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہاڑوں پر جانے والے بعض افراد کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ تو موجود ہیں، تاہم انہوں نے اپنی شناخت اور وابستگی تبدیل کرکے بھارت اور افغانستان سے جوڑ لی ہے۔ ایسے عناصر جو بھارت اور افغانستان کی طالبان حکومت کے ساتھ منسلک ہیں، ان سے مذاکرات کو بے مقصد سمجھتے ہیں، ریاست کو بندوق کے زور پر چیلنج کرنے والوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ نوجوانوں کو چھوٹے چھوٹے پروپیگنڈوں کے ذریعے ورغلا کر دہشتگردی کی جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، تاہم جو نوجوان بھارت اور طالبان حکومت کے ساتھ ملوث نہیں اور محض گمراہ ہوکر پہاڑوں پر گئے ہیں، حکومت ان سے بات چیت اور انہیں قائل کرکے واپس لانے کی کوشش کرے گی تاکہ وہ تعلیمی اداروں کا رخ کریں۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے اور یہاں تمام اقوام کو اپنی روایات کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی حاصل ہے۔ نوجوان یاد رکھیں کہ پہاڑ اور بندوق مستقبل نہیں، قومیں قلم سے ترقی کرتی ہیں۔ اگر انہیں اپنی قوم اور بلوچستان کی ترقی کا درد ہے تو انہیں بندوق کے بجائے قلم اٹھانا ہوگا اور تعلیمی اداروں کو آباد کرنا ہوگا۔۔

WhatsApp
Get Alert