صدر زرداری کی حالیہ ملاقاتوں کے بعد سیاسی صورتحال ایک نئے اتحاد کی طرف جا رہی ہے، مظہر عباس
آصف زرداری اور مریم نواز عملی طور پر پارٹی قیادت کے کردار میں آچکے ہیں، پاکستان میں سیاست کا فوکس پنجاب بن چکا ہے، سینئر صحافی مظہر عباس کا تبصرہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی مظہر عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدرزردای کی حالیہ ملاقاتوں کے بعد سیاسی صورتحال ایک نئے اتحاد کی طرف جا رہی ہے، آصف زرداری اور مریم نواز عملی طور پر پارٹی قیادت کے کردار میں آچکے ہیں، پاکستان میں سیاست کا فوکس پنجاب بن چکا ہے، پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال غیر یقینی ہے، ہر صوبے میں مختلف حالات نظر آ رہے ہیں، جبکہ پنجاب میں مریم نواز اور بلاول بھٹو کی سیاسی سرگرمیوں کے باعث سیاست کا مرکز پنجاب بنتا دکھائی دے رہا ہے۔
مظہر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال اس وقت افراتفری کا شکار ہے، ہر صوبے کے اندر ایک مختلف صورتحال نظر آتی ہے، اس لیے یہ ایک غیر یقینی صورتحال ہے، اور اگر آپ ریفرنڈم کی طرف جاتے ہیں، تو کس طرح سے ریفرنڈم کروائیں گے، یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیکھا جائے تو نہ صرف آصف علی زرداری بلکہ اب مریم نواز نے بھی عملی طور پر مسلم لیگ ن کی قیادت والا کردار شروع کر دیا ہے۔
جس طرح سے وہ جلسے اور تقاریر کر رہی ہیں، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے مکمل طور پر مسلم لیگ ن کی سیاسی کمپین شروع کر دی ہے۔
مظہر عباس کے مطابق مریم نواز کی جانب سے پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے حوالے سے بھی خبریں آئی تھیں، اگرچہ فی الحال اس میں کوئی صداقت نظر نہیں آتی، تاہم یہ قیاس آرائیاں ضرور ہو رہی تھیں۔ مریم نواز اس وقت ایک فعال کردار ادا کر رہی ہیں، عین اس وقت جب بلاول بھٹو بھی پنجاب میں متحرک ہیں، اور پاکستان میں سیاست کا فوکس پنجاب دکھائی دے رہا ہے۔
سینئر صحافی نے صدر آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت حسین کی ملاقات کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے تعلقات ابھی بھی اتنے بہتر نہیں ہیں اور کچھ رکاوٹیں موجود ہیں۔
ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے مظہر عباس نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو کی وفات کے بعد جب مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات بڑھ گئے تو آصف علی زرداری سب سے پہلے چوہدری برادران کے گھر گئے۔
مظہر عباس کے مطابق اس وقت پرویز الٰہی نے انہیں خود بتایا تھا کہ زرداری صاحب نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ہمارے بچے دشمنیوں میں جوان ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے بعد پاکستان میں نائب وزیراعظم کا عہدہ بنایا گیا، جو آئین میں اب بھی موجود نہیں ہے، جبکہ پرویز الٰہی کو نائب وزیراعظم بنایا گیا۔ یہ مسلم لیگ ن کے خلاف ایک پیغام تھا۔
مظہر عباس کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی محبت و نفرت کی ایک پوری تاریخ ہے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر بھروسہ نہیں کرتی ہیں۔ وہ ساتھ بیٹھے بھی ہوں تو اعتماد نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پہلے آصف علی زرداری نے چوہدری پرویز الٰہی کے لیے راستہ نکالا، اسی طرح عمران خان کی حکومت گرائے جانے کے وقت بھی چوہدری پرویز الٰہی اور زرداری صاحب کے درمیان ایک معاہدہ ہو گیا تھا کہ کسی طرح معاملات کو لے کر آگے بڑھنا ہے، کیونکہ چوہدری برادران بھی عمران خان سے خوش نہیں تھے۔
مظہر عباس کے مطابق خاص طور پر جب عمران خان نے پنجاب اسمبلی توڑی تو پرویز الٰہی ان سے ناراض رہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ اگر جنوبی پنجاب ایک صوبہ بنتا ہے تو پیپلز پارٹی، جو پنجاب میں تقریباً ختم ہو چکی ہے، نئے اتحادیوں کے ساتھ اسے ایک نئی سمت مل جائے۔
مظہر عباس کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کی سیاست الگ ہے، لیکن اب ایسا لگ رہا ہے کہ یہ تمام معاملات ایک نئے سیاسی اتحاد کی طرف جا رہے ہیں۔
