سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنا کسی بھی جمہوری معاشرے کو زیب نہیں دیتا
سیاسی اختلافات کی آڑ میں چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی اجازت کون سا قانون دیتا ہے؟ مطالبہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے اہلِخانہ کو رہائشگاہ میں واپس جانے کی اجازت دی جائے، سابق اسپیکر اسد قیصر کا مطالبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق اسپیکر اسد قیصر نے مطالبہ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے اہلِخانہ کو رہائشگاہ میں واپس جانے کی اجازت دی جائے، سیاسی اختلافات کی آڑ میں چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی اجازت کون سا قانون دیتا ہے؟
انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے سیل کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کو ہراساں کرکے بے دخل کرنے کی اطلاعات پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا۔
میں اسلام آباد پولیس کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
سیاسی اختلافات کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی اجازت کون سا قانون دیتا ہے؟ ایسے اقدامات آئینی و قانونی تقاضوں، بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقی اقدار کے سراسر منافی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کے غیر سیاسی اہلِ خانہ کو ان کی اپنی رہائش گاہ سے بے دخل کرنا انتہائی شرمناک اور افسوسناک عمل ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے اہلِ خانہ کو فوری طور پر اپنی رہائش گاہ میں واپس جانے کی اجازت دی جائے اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنا کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے کو زیب نہیں دیتا۔
دوسری جانب جمعیت علماء اسلام ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسجد محمود کو رہا کردیا گیا ہے، رہائی کے بعد مولانا اسجد واپس اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ سیکریٹریٹ میں سینئر رہنما جےیو آئی ایف کے پولیس افسران کے ساتھ مذاکرات ہوئے جس کے بعد مولانا اسجد محمود کی رہائی ممکن ہوسکی اور وہ گھر واپس آگئے ہیں۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ اسجد محمود گھر واپس آ گئے ہیں، اس لئے کارکنان اب اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں۔ اسجد محمود نے کہا کہ میں واپس آگیا ہوں، اب کارکن پرامن ہو جائیں۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے مولانا اسجد محمود کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی خبر بےبنیاد جھوٹی قرار دی تھی۔ ایکس پر ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر مولانا اسجد محمود کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی خبر بے بنیاد اور جھوٹی ہے۔ اسلام آباد پولیس واضح کرتی ہے کہ مولانا اسجد محمود کو گرفتار نہیں کیا گیا، اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی کارروائی کی گئی ہے۔
