کراچی (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے بعد اب گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے بھی فیصل واؤڈا کی دہری شہریت کے باعث نااہلی کے سبب خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر آج ہونے والی ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ سامنے آیا ہے .
جی ڈی اے کی رہنما نصرت سحر عباسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کل رات اپوزیشن نے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا .
انہوں نے مزید کہا کہ آج جی ڈی اے اراکین بھی ووٹنگ کے لیے اسمبلی نہیں جائیں گے .
ایم کیو ایم کا الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ
ایم کیو ایم پاکستان نے آج ہونے والے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے .
یہ بات ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہی گئی ہے . اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں آج کے سینیٹ انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا .
پی ٹی آئی پہلے ہی بائیکاٹ کر چکی
پی ٹی آئی نے گزشتہ روز ہی فیصل واؤڈا کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا تھا .
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے اپنی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنماؤں سے اس حوالے سے رابطہ کر کے ان سے بھی سینیٹ انتخاب میں حصہ نہ لینے کی سفارش کی گئی تھی .
اس سے قبل فیصل واؤڈا کی دہری شہریت کے باعث نااہلی کے سبب خالی ہونے والی نشست پر آغا ارسلان کو پی ٹی آئی نے اپنے امیدوار کے طور پر کھڑا کیا تھا . واضح رہے کہ فیصل واؤڈا کی سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی میں پولنگ جاری ہے .