تمام میڈیا پریڈ گراؤنڈ میں کوریج کیلئے موجود ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کا تمام میڈیا پریڈ گراؤنڈ میں کوریج کیلئے موجود ہے، بین الاقوامی میڈیا کے 43 سے زیادہ نمائندے پریڈ گراؤنڈ جلسے کی کوریج کیلئے موجود ہونگے۔
سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ امر بالمعروف جلسے کی عالمی کوریج ہو رہی ہے۔
میں PTI کے تمام ورکرز سے اپیل کرتا ہوں کہ میڈیا کے کارکنان، رپورٹرز اور عملے کو کام میں سہولت دیں دنیا کو میڈیا کی آنکھ نے ہی یہ عظیم جلسہ دیکھنا ہے اور تمام میڈیا چینلز اور ورکرز ہمارے لئے سر آنکھوں پر ہیں جمہوریت کا حسن یہ بھی ہے کہ ہم تنقید بھی برداشت کریں https://t.co/sDrkvVu1ro
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 27, 2022
فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ورکرز سے اپیل کرتا ہوں میڈیا کارکنوں، رپورٹرز، عملے کو کام میں سہولت دیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو میڈیا کی آنکھ نے ہی یہ عظیم جلسہ دکھانا ہے، تمام میڈیا چینلز اور ورکرز ہمارے لیے سر آنکھوں پر ہیں۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کا حسن یہ بھی ہے کہ ہم تنقید بھی برداشت کریں۔
اس سے قبل وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بتایا تھا کہ جلسے کی کوریج صرف سرکاری ٹی وی کر سکتا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام ٹی وی چینلز کو کوریج کی سہولت سرکاری ٹی وی سے لینا ہو گی۔
تحریکِ انصاف کی جانب سے پرائیویٹ چینلز کی ڈی ایس این جیز کو جلسہ گاہ سے ہٹائے جانے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں تھیں۔واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج ہونے والے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات اپنے ایک پیغام میں عوام سے جلد از جلد اسلام آباد پہنچنے کی اپیل کی تھی۔رات گئے اپنے آڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج جو جلسہ ہورہا ہے، یہ تحریک انصاف کی نہیں، پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔