عالمی دنیا

ترک کمپنیوں سے برے سلوک پر معذرت کرتا ہوں،ترکی اور پاکستان کو باہمی سرمایہ کاری کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف

انقرہ (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں برے رویئے پرمعذرت کرتا ہوں،پاکستان اور ترکی کو باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی برآمدات 270 ارب ڈالرسے بڑھ گئی ہیں، ترکی نے اپنے انفراسٹرکچر کو بہت ترقی دی ہے، پاکستان مختلف شعبوں خصوصا صنعت میں ترکی کے تجربات سےاستفادہ حاصل کرنا چاہتا ہے،ترک تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، عوامی روابط بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے شعبے میں بھی تعاون کیا جا سکتا ہے، پاکستان اورترکی کے درمیان تاریخی اور قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، برصغیر کے مسلمانوں نے ترکی کی جنگ آزادی کیلئے بھرپور تعاون کیا۔ ترک قوم کبھی اپنےدوستوں کونہیں بھولتی، ترکی نے زلزلے، سیلاب اور قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی مدد کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی لازوال ہے، جب وزیراعلیٰ پنجاب تھا ترک کمپنیوں کے ساتھ شفاف طریقے سے معاہدے کیے گئے تھے۔ کسی سیاسی بلیم گیم میں نہیں پڑنا چاہتا، گارنٹی دیتا ہوں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ہرممکن سہولیات دیں گے، ترک سرمایہ کاروں کا پاکستان میں خیرمقدم کریں گے، ترک سرمایہ کاروں کا ریڈ کارپٹ استقبال کریں گے، ترک سرمایہ کار پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھیں، ترکی کا دشمن پاکستان کا دشمن ہو گا۔

متعلقہ خبریں