عمران، بشریٰ بی بی، شہباز، بلاول کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکینِ پارلیمنٹ کے 2021ء کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں .
عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 14 کروڑ 21 لاکھ روپے ہے .


عمران خان کے پاس زمان پارک اور میانوالی میں وراثتی گھر ہیں، ان کا بنی گالہ میں تحفے میں ملا 300 کنال کا گھر بھی ہے . عمران خان کے بنی گالہ والے گھر کی اضافی تعمیر پر 1 کروڑ 14 لاکھ روپے جبکہ زمان پارک والے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ روپے کے اخراجات آئے .
عمران خان کے پاس بھکر میں 3 وراثتی جائیدادیں بھی ہیں، انہوں نے گرینڈ حیات ٹاور میں 2 اپارٹمنٹس کے لیے 1 کروڑ 19 لاکھ روپے ایڈوانس دیا ہوا ہے .
بشریٰ بی بی کی جائیداد کی تفصیل
عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پاک پتن موضع مانیکا میں 52 کنال، موضع پیر غنی پاک پتن میں 379 کنال، اوکاڑہ میں 267 کنال اراضی اور بنی گالہ میں 3 کنال پر مشتمل گھر کی مالک بھی ہیں .
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اثاثوں کی کُل مالیت 10 کروڑ روپے ہے، ان کے پاس لندن میں 1 کروڑ 37 لاکھ روپے مالیت کی پراپرٹی ہے .
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا لندن میں بینک اکاؤنٹ خالی ہے، ان کے بینک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ روپے ہیں . شہباز شریف نے اپنے بیٹے سلمان شہباز سے 6 کروڑ 39 لاکھ روپے قرض لے رکھا ہے .
وزیرِ اعظم کی بیگمات کے اثاثے
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کے اثاثوں کی مالیت 57 لاکھ روپے ہے . وزیرِ اعظم شہباز شریف کی پہلی اہلیہ نصرت شہباز کے اثاثوں کی مالیت 23 کروڑ روپے ہے .
بلاول بھٹو کے اثاثوں کی تفصیلات
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق وزیرِ خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں کی مالیت 1 ارب 60 کروڑ روپے ہے .
بلاول بھٹو زرداری دبئی میں 2 جائیدادوں کے مالک ہیں، دبئی میں انہیں ایک بنگلا تحفے میں ملا، جبکہ دوسرا وراثتی ہے .
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان میں 19 جائیدادوں کے مالک ہیں، ان کے پاس 6 کروڑ 68 لاکھ روپے کیش ہے اور 7 بینک اکاؤنٹس ہیں .
بلاول بھٹو زرداری کے پاس بیرونِ ملک 150 تولہ سونا اور 7 گھڑیاں ہیں، انہوں نے دبئی میں سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے .
آصف زرداری کے اثاثوں کی تفصیل
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق سابق صدر، شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کے اثاثوں کی مالیت 71 کروڑ 42 لاکھ روپے ہے .
آصف زرداری کی پاکستان میں 20 پراپرٹیز ہیں، ان کی 5 جائیدادیں وراثتی ہیں، ان کے پاس 1 کروڑ 66 لاکھ روپے کا اسلحہ ہے . سابق صدر آصف علی زرداری کی بیرونِ ملک کوئی جائیداد نہیں، وہ 6 گاڑیوں کے بھی مالک ہیں .
راجہ پرویز اشرف کے اثاثوں کی تفصیلات
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی، سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف 5 پراپرٹیز کے مالک ہیں .
راجہ پرویز اشرف کے پاس 100 تولے سونا، 1 کروڑ 72 لاکھ روپے کیش ہے، جبکہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں 4 لاکھ 70 ہزار روپے موجود ہیں .
فواد چوہدری کے اثاثے
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پاکستان میں 7 جائیدادوں کے مالک ہیں .
فواد چوہدری کی 3 جائیدادیں ان کی اہلیہ صائمہ فواد کی ملکیت ہیں،جبکہ ان کی دوسری اہلیہ حبا خان نے 2 جگہوں پر سرمایہ کاری کر رکھی ہے .
فواد چوہدری کی بیگمات کے پاس پرائز بانڈز بھی ہیں، فواد چوہدری کے پاس 130 تولہ سونا، ان کی اہلیہ صائمہ کے پاس 70 تولہ سونا ہے .
فواد چوہدری کے ذمے 1 کروڑ روپے واجب الادا ہیں .

. .

متعلقہ خبریں