ملک بھر کے تمام وکلاء کا اتفاق ہے کہ اسپیکر کی رولنگ ماورائے آئین ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام سینئر وکلاء کا اتفاق ہے کہ اسپیکر کی رولنگ ماورائے آئین ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لکھا کہ وکلاء کم ہی کسی تشریح پر متفق ہوتے ہیں لیکن ملک بھر کے تمام سینئر وکلاء کا اتفاق ہے کہ اسپیکر کی رولنگ ماورائے آئین ہے۔
وکلاء کم ہی کسی تشریح پر متفق ہوتے ہیں لیکن ملک بھر کے تمام سینئر وکلاء کاُ اتفاق ہے کہ اسپیکرُ کی رولنگ ماورائے آئین ہے ، جس جلدی میں حلف لیا گیا اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ خود حمزہ کو بھی رولنگ کے غلط ہونے کا یقین ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 23, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ جس جلدی میں حلف لیا گیا اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ خود حمزہ کو بھی رولنگ کے غلط ہونے کا یقین ہے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز 176 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے ہیں۔
پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے لئے صوبائی اسمبلی کا اہم اجلاس تقریباً تین گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار پرویز الہیٰ کو 186 ووٹ کاسٹ ہوئے جب کہ حکومتی امیدوار حمزہ شہباز کو 176 ووٹ ملے تاہم ڈپٹی اسپیکر نے ق لیگ کے 10 ووٹ مسترد کردیے جس کے بعد حمزہ شہباز 3 ووٹوں کے فرق سے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے ہیں۔
ایوان میں وزارت اعلی کے انتخاب کے لیے پولنگ اور گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے کہا کہ پرویز الہی کو 186 اور حمزہ شہباز کو 179 ووٹ ملے۔
ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے کہا کہ مجھے لیٹر چوہدری شجاعت کی طرف سے موصول ہوا ہے اور انہوں نے پورے ایوان کو خط لہرا کر دکھایا۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ خط میں لکھا ہے کہ پارٹی سربراہ ہونے کے ناطے میرے اراکین حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالیں گے ، اس خط اور سپریم کورٹ کی رولنگ مطابق مسلم لیگ (ق) کے 10 ووٹ مسترد ہوتے ہیں۔