پی ٹی آئی کی پنجاب میں ایک اور کامیابی؛ واثق قیوم ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے امیدوار واثق قیوم بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں . تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کی نشست خالی تھی، پی ٹی آئی نے ڈپٹی اسپیکر کیلئے واثق قیوم عباسی کو امیدوار نامزد کیا تھا اور انہوں نے اپنے کاغذات مامزدگی جمع کرائے تھے تاہم اب وہ بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے .


واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے علی حیدر گیلانی کو امیدوار نامزد کیا تھا لیکن ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار علی حیدر گیلانی کی جانب سے کاغذات جمع نہ کرائے جاسکے جس کی وجہ سے علی حیدر گیلانی انتخاب کی دوڑ سے ہی باہر ہوگئے .
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے بعد واثق قیوم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر تحریک انصاف کے پاس ہے، امپورٹڈ حکومت نے بڑے دعوے کیے تھے عوام نے ان کا علاج کردیا ہے، اب ہمارا رخ وفاقی حکومت کی جانب ہے، ہماری کامیابیوں کا تسلسل جاری رہے گا .
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر قانون راجہ بشارت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع ہونے تھے، اسپیکر نے گزشتہ رات کہہ دیا تھا کہ 5 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے .
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے مگر 5 بجے تک جمع نہیں کرائے، واثق قیوم کی جیت عمران خان کے بیانیے کی جیت ہے . انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے سیاسی ساکھ بچانے کے لیے راہ فرار اختیار کیا ہے، آج واثق قیوم بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں لیکن اسپیکر ان کا ایوان میں اعلان کریں گے اور یہ حلف بھی لیں گے .

. .

متعلقہ خبریں