ہم نے کوئی این آر او نہیں مانگا تھا،قمر زمان کائرہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اعظم کے مشیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کوئی این آر او نہیں مانگا تھا،امریکی سازش کا جھوٹا بیانیہ بنا کر عوام کو بیوقوف بنایا گیا۔ آصف زرداری نے آپ سے کوئی ریلیف نہیں مانگا تھا،آپ نیب کو ذاتی مفاد کیلئے اپنے مخالفیں کیخلاف استعمال کرتے رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قمرزمان کائرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چیئرمین تحریک انصاف کہتے ہیں کہ وہ ایف آئی اے کو جوابدہ نہیں ہیں،،عمران خان آئے روز نئے شوشے چھوڑتے رہتے ہیں۔ عمران خان نے ملک کے آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا،پی ٹی آئی کے دورمیں پہلے پکڑا جاتا تھا الزام بعد میں لگایا جاتا تھا۔ وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ عمران خان مسلسل اپنے مخالفین کی کردار کشی کر رہے ہیں،سابق ڈی جی ایف آئی نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر دباو ڈالا،میں حکو مت سے کہوں گا کہ بشیر میمن کو بلا کر تحقیقات کرائیں،اپنے ہاتھوں سے لائے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف نے شہبازگل کی رہائی کیلئے کل ریلی نکالنے کا اعلان کردیا ،پی ٹی آئی رہنماء بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کل شہبازگل سے ملاقات کیلئے جائیں گے، شہبازگل پراپیگنڈے سے تحریک انصاف کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں 2018 میں سپریم کورٹ نے طے کردیا ہے کہ سزا ہونے تک کسی کو الیکشن کمیشن نااہل نہیں کرسکتا، مریم اور نوازشریف کو سزا ہوچکی ہے، اس لیے مائنس عمران خان کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ ممنوعہ فنڈنگ کا کیس لوگ کہتے دو فیصلے تھے، ممنوعہ فنڈنگ کے قانون کے تحت ایک سزا ہے دوسری سزا نہیں ہوسکتی۔
