وزیراعظم استعفیٰ دیں تو ہم بھی عہدے چھوڑ دیں گے، پیپلزپارٹی کا مؤقف
حکومت ریفرنڈم کے ذریعے چور دروازے سے آئین کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے، اس طرح تو آپ 58 ٹو بی بحال کرنے جا رہے ہیں؛ چوہدری منظور اور ندیم افضل چن کی پریس کانفرنس

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم استعفیٰ دیں تو وہ بھی اپنے عہدے چھوڑ دیں گے، ریفرنڈم کے ذریعے چور دروازے سے آئین میں مداخلت کی کوشش کی گئی تو اس سے 58 ٹو بی بحال ہونے کا خطرہ پیدا ہو جائے گا اور ملک تباہی و بربادی کے راستے پر جا سکتا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں چوہدری منظور اور ندیم افضل چن نے نئے صوبوں کے قیام، ریفرنڈم، آئین کے آرٹیکل 239، این ایف سی ایوارڈ، 18ویں ترمیم اور مقامی حکومتوں کے انتخابات سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی، چوہدری منظور نے کہا کہ آئین میں تبدیلی کا حق سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے لیکن حکومت ریفرنڈم کے ذریعے چور دروازے سے آئین کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے، اگر ایسا کیا گیا تو 58 ٹو بی دوبارہ بحال ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر کانسٹی ٹیونٹ خود بول پڑے تو نمائندے کی حیثیت ختم ہو جاتی ہے، اگر فرض کر لیا جائے کہ عوام ریفرنڈم پر اپنی رائے دیں تو کیا اس رائے کو آئین کے اندر تبدیلی تصور کیا جا سکتا ہے؟ آئین کے آرٹیکل 239 میں باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے کہ صوبے کیسے بنیں گے یا نہیں بنیں گے، جس کے لیے پہلے قومی اسمبلی اور پھر صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے، اگر صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے اسے نامنظور کر دے تو معاملہ صدر کے پاس نہیں جا سکتا۔
پی پی رہنماء نے سوال کیا کہ آرٹیکل 239 کے علاوہ کوئی ایسا آرٹیکل دکھایا جائے جس میں صوبائی اسمبلی کو ویٹو کا اختیار دیا گیا ہو، آئین ایک چار دیواری ہے جس میں داخل ہونے یا باہر جانے کا کوئی اور راستہ نہیں، مسلمہ اصول یہ ہے کہ جس صوبے کی باؤنڈری تبدیل ہونی ہے سب سے پہلے وہاں بحث ہوگی کیونکہ 1973ء کا آئین بنانے والوں کے ذہن میں یہی تھا کہ ماضی میں آمروں نے ایک صفحے کے آرڈر کے ذریعے صوبے توڑ کر ون یونٹ بنایا اور پھر ون یونٹ توڑ کر صوبے بنائے۔
چوہدری منظور نے خبردار کیا کہ آراء کے اختلاف پر ریفرنڈم کرانے کا راستہ تباہی اور بربادی کا راستہ ہے، اگر آرٹیکل 239 ختم کرنے کی بات کی جا رہی ہے تو طاقت کے زور پر ایسا ممکن ہو سکتا ہے مگر وہ اقدام دیرپا نہیں ہوگا اور نہ ہی سب کو ساتھ لے کر چل سکے گا، ملک پہلے ہی معاشی طور پر تباہ حال ہے اور اس کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ نئے صوبے بنا کر وہاں کے انتظامات کے لیے الگ سے فنڈز جاری کیے جا سکیں، حکومت کے لیے اصل مسئلہ نئے صوبے نہیں بلکہ این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارہویں ترمیم ہے، اس لیے حکومت کو سیدھی بات کرنی چاہیے۔
لوکل گورنمنٹ کے نظام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مؤقف اپنایا کہ حکومت صادق خان اور ظہران ممدانی کی مثالیں دیتی ہے تو پھر اسلام آباد میں براہ راست ووٹ کے ذریعے الیکشن کیوں نہیں کروا رہی اور جیسے وہ منتخب ہو کر آئے ویسے ہی منتخب نمائندوں کو اختیار دیا جائے، پاکستان میں متعدد سنجیدہ مسائل موجود ہیں اور حکومت کو ریفرنڈم کے بجائے ان مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیئے۔
پریس کانفرنس کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ پیپلز پارٹی سب کو بند گلی سے نکالنا چاہتی ہے، موجودہ صورتحال میں لوکل باڈیز کے صاف اور شفاف انتخابات تک نہیں کرائے جا رہے، ماضی میں ملک میں دو بار ریفرنڈم ہوئے اور سب جانتے ہیں کہ وہ کیسے تھے، اس وقت الیکشن کمیشن کی اتنی صلاحیت بھی نہیں کہ وہ ایک یونین کونسل کا فری اینڈ فیئر الیکشن کراسکے، ایسے میں ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں چھوٹے صوبے سنبھالنے اور چلانے کے حوالے سے سنگین سوالات موجود ہیں، جیسے کہ کیا پنجاب یا سندھ سے اٹھ کر بلوچستان جا سکتے ہیں یا خیبر پختونخواہ میں رات کے وقت کہیں جا سکتے ہیں؟ کیا یہ تمام مسائل ریفرنڈم سے حل ہو جائیں گے؟ ملک کو مل جل کر آگے لے جانا چاہیئے کیونکہ لڑائیوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی یہی کہا ہے کہ ملک کو خونریزی اور افراتفری سے بچایا جائے کیونکہ بوری بند لاشوں اور دیگر تلخ واقعات کے اثرات سب کے سامنے ہیں۔
پی پی رہنماؤں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے صوبائی خودمختاری، میڈیا اور عدلیہ کی آزادی، علاقائی صورتحال اور صوبوں کے معاملے سمیت دیگر موضوعات پر بات کی ہے، تاہم اس وقت سب سے زیادہ بحث ایک ہی معاملے پر ہو رہی ہے، رائے اور مینڈیٹ میں فرق ہوتا ہے، مینڈیٹ ووٹ کے ذریعے پارلیمنٹ کو ملتا ہے جبکہ ریفرنڈم میں لوگوں کی رائے لی جاتی ہے، صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے علاوہ تاحال کسی جماعت کا پالیسی بیان سامنے نہیں آیا۔
