وزیراعظم شہباز شریف کا نوجوانوں کے لیے کاروباری اور زرعی قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کا حکم

یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی گئی، کم از کم عمر 21 سے 18 سال مقرر، خواتین کے لیے 30 فیصد قرض مختص کرنے کی ہدایت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے لیے کاروباری اور زرعی قرضوں کی فراہمی کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملک بھر کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کو یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے، باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ان کی سہولت کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق نوجوانوں کی ترقی اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کاروباری اور زرعی قرضوں کی تقسیم کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے واضح ہدایات جاری کیں کہ یوتھ لون اسکیم کے تحت قرضوں کی تقسیم مکمل شفافیت اور میرٹ پر یقینی بنائی جائے تاکہ مستحق نوجوان اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 2 کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر
وزیراعظم آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
وزیراعظم نے اسکیم کے لیے درخواست دینے والے نوجوانوں کی کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ زیادہ نوجوان کاروباری اور زرعی سرگرمیوں کے لیے قرض حاصل کرسکیں۔
اس اسکیم کے تحت آسان اقساط پر قرض فراہم کیے جائیں گے، جبکہ رواں مالی سال کے دوران قرضوں کی فراہمی کے لیے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
خواتین کے لیے 30 فیصد قرض مختص کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوان خواتین کی معاشی خودمختاری اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شرکت بڑھانے کے لیے اسکیم کے تحت فراہم کیے جانے والے قرضوں میں سے 30 فیصد خواتین کے لیے مختص کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور زرعی شعبے میں نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اسکیم کی بہتری اور مؤثر عمل درآمد کے لیے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

WhatsApp
Get Alert