آج میں خود مایوس ہوں تو پاکستان کی عوام کا کیا حال ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

اعتماد بحال کرنے کیلئے جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیئے، ہم آپس میں لڑتے رہیں گے نفرت پھیلائیں گے تو نوجوان ہم سے حساب لیں گے، چاہتا ہوں مجھ سے یہ سوال ہو تو سر اٹھا کر کہہ سکوں کہ میری نیت اچھی تھی؛ تقریب سے خطاب


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم جن حالات اور مقام پر کھڑے ہیں، اگر میں خود مایوس ہوں تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے پاکستان کے عوام اور بالخصوص نوجوانوں کا کیا حال ہوگا، نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے جمہوری ری سیٹ ناگزیر ہے جس کے ذریعے پارلیمان کی بالادستی، عدلیہ پر اعتماد اور انتخابی و احتسابی نظام کو مضبوط بنانا ہوگا، نفرت اور تقسیم کی سیاست ترک کرکے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جانی چاہیئے۔
کراچی میں سندھ یوتھ کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے پاکستان کی سیاست کا حصہ ہوں، اس دوران تمام سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں سے روابط رہے ہیں، آج ہم جن حالات پر کھڑے ہیں، اگر میں خود مایوس ہوں تو پاکستان کے نوجوانوں کی کیا حالت ہوگی، نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اگر کوئی ری سیٹ ہونا ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیے، جس میں عوام کی شمولیت بھی ہو، اس کے ذریعے پارلیمان کی بالادستی، عدلیہ پر عوامی اعتماد اور انتخابی و احتسابی نظام پر اعتماد کی بحالی کو یقینی بنایا جانا چاہیے، ساتھ ہی ایسی کوشش ہونی چاہیے کہ اپوزیشن، حکومت اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم آپس میں لڑتے رہیں گے، مزید تقسیم ہوتے رہیں گے اور نفرت پھیلائیں گے تو پھر کسی بھی بحران کا سامنا کرنے کی صلاحیت نہیں رہے گی، یہی نوجوان ہم سے حساب لیں گے کہ جب آپ تھے تو آپ نے ہمیں مشکلات سے بچانے کے لیے کیا کیا؟ کم از کم میں چاہتا ہوں کہ اگر مجھ سے یہ سوال ہو تو سر اٹھا کر کہہ سکوں کہ میری نیت اچھی تھی، اگر پاکستان میں ایسا یونائیٹڈ فرنٹ قائم کیا جائے جو تمام مسائل حل کرے تو پھر کوئی پرواہ نہیں۔
سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کو سندھ کے نوجوانوں کے لیے نیا انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے اور تمام صوبوں اور وفاق پر بازی لے گئی ہے، یہ کارڈ نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنے کی جانب پہلا قدم ہے، جس سے ابتدائی طور پر ایک لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے اور مستقبل میں اس کے ذریعے مزید سہولیات دی جائیں گی، سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو عملی طور پر معیشت کا حصہ بنایا جائے گا، نجی شعبہ بھی اس کارڈ کی بنیاد پر سہولیات فراہم کرے گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ نوجوان اس وقت مہنگائی اور غربت جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور سندھ حکومت محدود وسائل کے باوجود انہیں سہولیات فراہم کر رہی ہے، سندھ کا محکمہ ٹرانسپورٹ کراچی سمیت کئی اضلاع میں سفری سہولیات دے رہا ہے، نوجوانوں کو ٹرانسپورٹ میں سبسڈی دی جائے گی، وہ رعایتی کرایوں پر سفر کر سکیں گے، اور انہیں تعلیمی اخراجات کے لیے مالی معاونت اور اسکالرشپس سمیت دیگر شعبوں میں مزید سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا خوشی ہوئی کہ مختصر عرصے میں تیسرے بڑے منصوبے کا افتتاح کیا گیا، سیلاب متاثرین کے لیے دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ بنایا گیا جس کے ذریعے 10 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئیں اور 10 لاکھ افراد کو مالکانہ حقوق فراہم کیے گئے، دو روز قبل بے نظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کسانوں کو مالی معاونت دی گئی، دنیا بھر میں جنگ کے اثرات کے باعث مہنگائی اور غربت میں اضافہ ہو رہا ہے، عالمی معاشی بحران کم ہونے کے بجائے مزید سنگین ہوتا دکھائی دے رہا ہے، موجودہ حالات میں حکمرانوں کو نفرت اور تقسیم کی سیاست ترک کرنی ہوگی، سیاسی اختلافات کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے اور عوام کی فلاح و بہبود حکمرانوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert