لوئردیر؛ ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکہ ، 4 اہلکار زخمی ہوگئے

پشاور(قدرت روزنامہ) صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے لوئردیر میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 4 اہلکار زخمی ہوگئے . پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار سرچ آپریشن کے لیے جارہے تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوگیا جس کے باعث 4 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال روانہ کردیا گیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا .

دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں یوم آزادی کے موقع پر تخریب کاری کی کوشش ناکام بنادی گئی ، پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ یوم آزادی پر تخریب کاری کے مقصد کے لیے امن دشمن عناصر کی جانب سے پشاور کے نواحی علاقے ارمٹر بالا میں بارودی مواد نصب کیا گیا ، جس کا پولیس نے دوران چیکنگ پتہ چلایا اور بم ڈسپوزل یونٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 15 کلو بارودی مواد ناکارہ بنا دیا . اسی طرح لاہور میں بھی سکیورٹی اداروں نے بروقت کاروائی کرکے دہشتگردی کی منصوبہ بندی ناکام بنائی ، سی ٹی ڈی نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے، خفیہ آپریشن کے دوران لاہور سے کالعدم دہشتگرد تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والے3 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، ان دہشتگردوں میں محمد فرحان ، محمد ارشد اور مظہر عباس شامل ہیں، گرفتار دہشت گرد حکومتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے . چند روز قبل بھی سکیورٹی اداروں نے بروقت کاروائی کرکے کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کراچی شیرشاہ سے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد گرفتار کرلیے، دہشت گرد بھارتی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرتے ہیں، ملزمان ریلوے ٹریک، کوئلہ ٹرین اور گیس لائن کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ، مبینہ دہشت گردوں سے 2 دستی بم، ملک دشمن لڑیچر پر مبنی سی ڈیز برآمد ہوئی ہیں . ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین نے بتایا کہ گرفتار مبینہ دہشت گرد پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرتے ہیں، مبینہ دہشت گرد سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی ذہن سازی میں بھی ملوث ہیں . ملزموں نے ریلوے ٹریک، کوئلہ ٹرین اور گیس لائن کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی ، مبینہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کی ریکی بھی کررہے تھے، مبینہ دہشت گردوں کو حساس ادارے کی مدد سے پکڑا گیا . . .

متعلقہ خبریں