وزیراعظم نے فواد چودھری کو افغانستان سے متعلق اہم ٹاسک سونپ دیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے وزیراطلاعات فواد چودھری کو افغانستان سے متعلق اہم ٹاسک سونپ دیا، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عالمی میڈیا پر افغانستان کی صورتحال اور پاکستان کے مئوقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے، وزراء کو بھی افغانستان سے متعلق بیانیے سے آگاہ کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت افغانستان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں شرکاء کو افغانستان سے متعلق بیانیے، افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلاء، چمن طورخم بارڈرز، پی آئی اے کے آپریشنز اور پاکستانی سفارتخانے کی کارکردگی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ 4 رکنی کمیٹی کے مسلسل اجلاس منعقد کیے جائیں۔ اسی طرح وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ٹی ٹی پی کو بھارت سے فنڈز ہی نہیں ملیں گے تو ان کی کمر ویسے ہی ٹوٹ جائے گی، افغانستان میں ایک ایسی حکومت تشکیل دینا چاہتے ہیں جس پر تمام گروپوں کا اتفاق ہو، افغانستان کے اندر فیصلہ سازی کا اختیار افغان لوگوں کا حق ہے، ہم چین، ترکی، امریکہ اور برطانیہ سمیت تمام علاقائی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
خطے کے ممالک افغانستان میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردارادا کرسکتے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ حکمت عملی اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان کو استحکام کی جانب لے جایا جا سکے، پاکستان نے مثبت صورتحال تشکیل دینے کی کوشش کی، ہم نے طالبان اور امریکہ کو مذاکرات پر آمادہ کیا، پاکستان نے کابل کی حکومت کے ساتھ بھی طالبان کے مذاکرات کرانے کی کوشش کی۔
بدقسمتی سے اشرف غنی کا رویہ درست نہیں تھا۔ مزید برآں وزیر اعظم کی زیر صدارت افغانستان میں موجود غیر ملکی صحافیوں کے انخلاء کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پراجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب، سیکرٹری اطلاعات و دیگر سینئر افسران شریک ہوے ۔ وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزیرِ اعظم کو افغانستان میں موجود صحافیوں کے انخلائ کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔
غیر ملکی صحافیوں کی پاکستان آمد اور ان کو ویزہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے معاملات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر صحافیوں کی سہولت کے لئے وزارتِ اطلاعات میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے تاکہ موصول شدہ درخواستوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے بین الاقوامی صحافی برادری کی سہولت کی خاطر وزارت اطلاعات خصوصی ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے اقدامات کو سراہا۔ میڈیا کے حوالے سے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ملک میں مکمل طور پرغیر جانب دار، آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
