والدین اپنے بچوں کو خونی مارچ سے محفوظ رکھیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تمام والدین اپنے بچوں، بچیوں اور فیملیز کو خونی مارچ سے محفوظ رکھیں۔یہ بات وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے بیان پرِ اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ فارن فنڈڈ فتنے نے مان لیا کہ انہوں نے آرمی چیف کو غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کی پیشکش کی تھی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فارن فنڈڈ فتنے کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جس کا وہ مستحق ہے، عمران خان نے کرپشن نہیں کی، 4 سال ڈاکے ڈالے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک تباہی کی طرف جانے سے 6 ماہ پہلے بچ گیا، پاکستان تحریکِ انصاف کو صرف فارن فنڈڈ فتنے نے کرش کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللّٰہ جرائم پیشہ تھے تو 4 سال میں ثابت کر دیتے، جاسوسی کی اجازت آپ نے خود دی ہوئی تھی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی اپنے قریب ترین لوگوں سے آنکھیں بدل لیں، آپ کو آزاد میڈیا سے نہیں بلکہ اپنے اندر کے فتنے کا خوف تھا۔وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن آئینی مدت پوری ہونے پر اگلے سال ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آغاز آج ہو گا
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کا آغاز آج سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ قیادت لبرٹی چوک لاہور سے ہو گا، جس کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کا آزادی کنٹینر لاہور پہنچ گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں لانگ مارچ لاہور سے شاہدرہ پہنچے گا، دوسرے مرحلے میں شاہدرہ سے گوجرانوالہ، تیسرے مرحلے میں سیالکوٹ سے گجرات پہنچے گا۔کراچی اور کوئٹہ سے لانگ مارچ کے قافلے آج جبکہ جنوبی پنجاب، ملتان اور خیبر پختون خوا سے قافلے بدھ کو اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے، تمام قافلے 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
ادھر اسلام آباد کیپٹل پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے، داخلی راستوں پر ناکے متحرک کر دیے گئے ہیں۔وزارتِ داخلہ کے مطابق ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، سرکاری ملازمین مارچ میں شامل نہیں ہو سکتے۔