ٹی 20 ورلڈکپ؛ بنگلہ دیش کو شکست دیکر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا
ایڈیلیڈ (قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیم بنگلا دیش کو ہرا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا تھا جو گرین شرٹس نے 5 وکٹ کے نقصان پر 11 گیندوں قبل پورا کر لیا۔ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور 57 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
بنگلا دیشی بولر نسیم احمد نے 11 ویں اوور میں بابر اعظم کو 25 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔اننگز کے 12 ویں اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ 61 رنز پر گری جب محمد رضوان 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 92 رنز پر گری جب بنگلا دیشی فیلڈر لٹن داس نے محمد نواز کو 4 رنز پر رن آؤٹ کیا۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 121 رنز پر شکیب الحسن نے حاصل کی، انہوں نے محمد حارث کو 31 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ افتخار احمد 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مڈل آرڈر بیٹر شان مسعود 24 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔اس سے قبل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلا دیش ٹیم کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری جب لٹن داس 10 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بنگلا دیش کی دوسری وکٹ 11 ویں اوور میں 73 رنز پر گری جب سومیا سرکار 20 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔اسی اوور میں اگلی ہی گیند پر شاداب خان نے بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن کو ایل بی ڈبیلو آؤٹ کیا۔بنگلا دیش کی چوتھی وکٹ 14 ویں اوور میں 91 رنز پر افتخار احمد نے حاصل کی، نجم الحسین 54 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
شاہین شاہ کے 4 شکار
میچ میں بنگلا دیش کی پانچویں وکٹ 17 ویں اوور میں 107 رنز پر گری جب مصدق حسین کو 5 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا۔
اسی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے نور الحسن کی بھی وکٹ حاصل کی۔بنگلا دیش کی ساتویں وکٹ 19 ویں اوور میں 109 رنز پر گری جب تسکین احمد کو ایک رن پر شاہین شاہ آفریدی نے کیچ آؤٹ کرایا۔بنگلا دیشی بیٹر نسم احمد کو آخری اوور میں حارث رؤف نے آؤٹ کیا، محمد وسیم نے 7 رنز پر ان کا کیچ پکڑا۔
بنگلا دیشی بیٹر عفیف حسین 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔بنگلا دیش کی اننگز کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا تھا کہ بولرز نے اپنا کام دکھا دیا، ابھی تک کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔شاداب خان نے کہا کہ ہمارے پاس ورلڈ کلاس اوپنر ہیں۔
ٹاس کے موقع پر کپتانوں کی گفتگو
ٹاس جیتنے کے بعد بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ اس میچ کے لیے ہم بہت پُرجوش ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ جیت ہمیشہ اعتماد بڑھاتی ہے، دو شکست کے بعد اب ہم اس میچ پر فوکس کر رہےہیں۔بابر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
پاکستان اسکواڈ
پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کیلئے تمام ’اگر مگر‘ ختم
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دوسری شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اگر مگر کا شروع ہونے والا سلسلہ بنگلادیش کے خلاف میچ سے قبل مکمل طور پر ختم ہوگیا تھا۔
پاکستان ٹیم کے لیے اگر مگر کا سلسلہ جنوبی افریقا کی اپ سیٹ شکست کے بعد ختم ہوا۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 13 رنز سے اپ سیٹ شکست دی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں بھارت جبکہ دوسرے میچ میں زمبابوے سے شکست ہوئی تھی۔