عمران خان کی پھیلائی گئی بحرانی کیفیت رواں ہفتے ختم ہو جائیگی: شرجیل میمن

کراچی (قدرت روزنامہ)وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام تک عمران خان کی جانب سے ملک میں پھیلائی گئی بحرانی کیفیت کا خاتمہ ہو جائے گا . جاری کیے گئے بیان میں شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ جعلی لانگ مارچ غیر مؤثر ہو چکا اور اس کی جعلی حیثیت عوام پر آشکار ہو چکی ہے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے بھی اعتراف کر لیا کہ لانگ مارچ ختم ہو چکا ہے .


ان کا کہنا ہے کہ عمران خان قوم کو گھڑی چوری، گندم چوری، چینی چوری، منی لانڈرنگ جیسے بڑے سرپرائز دے چکے ہیں، اب 26 نومبر کو وہ کون سا بڑا سرپرائز دیں گے؟ عمران خان اپنی خیر منائیں، الیکشن کمیشن سے وہ نا اہل ہو چکے، اب توشہ خانے کی بد عنوانیوں سے بچ نہیں سکتے .
شرجیل میمن نے کہا کہ لگتا یہی ہے کہ عمران خان تا حیات نا اہل ہونے جا رہے ہیں، سابق وزیرِ اعظم، فرح گوگی اور ان کی کابینہ کے اراکین، گھڑی کی خرید و فروخت کے بعد دبئی میں مقیم شخصیت سے فرمائشیں کرتے رہے، عمران خان نے کرکٹ سے اتنا پیسہ نہیں کمایا جتنا توشہ خانے کے تحائف بیچ کر کمایا .
انہوں نے کہا ہے کہ سنا ہے کہ عمران خان نے کرکٹ میں بھارت سے ملنے والا سونے کا تمغہ بھی بیچ ڈالا تھا، ان حقائق سے ظاہر ہوتا ہے کہ قیمتی تحائف اور اعزازات بیچنا ان کی پرانی عادت ہے، عمران خان پریشر ککر بننے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ بدعنوانیوں کے کیسز سے بچ سکیں . صوبائی وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کی بقیہ زندگی عدالتوں کے چکر کاٹنے اور سلاخوں کے پیچھے گزرے گی، انتخابات 2023ء میں اپنے وقت پر ہوں گے اور اتحادی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی .

. .

متعلقہ خبریں