نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اپوزیشن رہنما سے معافی مانگ لی


نیوزی لینڈ (قدرت روزنامہ)نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعت کے رکن کو مغرور کہنے پر معافی مانگ لی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ میں پُرجوش بحث کے دوران وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے ایک مسئلہ اٹھایا تو اس دوران اپوزیشن پارٹی کے رہنما نے ان سے ایک ایسے موقع کی مثال دینے کو کہا جب انہوں نے غلطی کرکے معافی مانگی ہو اور اسے ٹھیک کیا ہو۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ایک پرجوش طریقے سے تفصیلی جواب دیا تاہم بات ختم کر کے بیٹھتے ہوئے انہوں نے بڑبڑاتے ہوئے ’مغرور‘ کہا جسے پارلیمنٹ میں مائیکروفونز نے ریکارڈ کرلیا۔نیوزی لینڈ کی ACT پارٹی کے رہنما ڈیوڈ سیمور نے وزیراعظم کے الفاظ پر اعتراض کرتے ہوئے اسپیکر سے اسے واپس لینے کی درخواست کی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بعد ازاں وزیراعظم آفس کے ترجمان نے کہا کہ جیسنڈا آرڈرن نے معافی مانگ لی ہے۔