طوبیٰ انور کا موبائل نمبر لیک ہوگیا


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ طوبیٰ انور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا موبائل نمبر کسی نے لیک کردیا ہے۔طوبیٰ انور نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تفصیلی نوٹ میں بتایا ہے کہ اُنہیں واٹس ایپ پر متعدد نمبرز سے غیر اخلاقی اور نفرت انگیز پیغامات موصول ہورہے ہیں۔
اُنہوں نے تفصیلی نوٹ میں لکھا کہ کسی نے میرا نمبر لیک کردیا ہے جس کے بعد مجھے سیکڑوں کی تعداد میں غیر اخلاقی پیغامات موصول ہورہے ہیں۔اُنہوں نے لکھا کہ مجھے حیرانی ہے کہ لوگوں کے پاس یہ سب فضول چیزیں کرنے کے لیے کتنا وقت اور توانائی ہے۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ مجھے اس قدر غلیظ پیغامات موصول ہورہے ہیں کہ میں وہ یہاں شیئر بھی نہیں کرسکتی، میں پچھلے کئی ماہ سے یہ سب برداشت کر رہی ہوں۔
طوبیٰ انور نے لکھا کہ مجھے یہ ڈر بھی ہے کہ کہیں کوئی میرا نمبر ٹریس کرکے میرے گھر تک نہ پہنچ جائے اور مجھے کوئی نقصان نہ پہنچا دے، یہ بہت زیادہ پریشان کن اور تکلیف دہ ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ جس کسی نے بھی بدلے یا نفرت کی آگ میں آکر یہ حرکت کی ہے وہ یہ جان لے کہ یہ دوسروں کے لیے بہت زیادہ پریشانی کا باعث ہوسکتا ہے۔

اُنہوں نے اپیل کی کہ دوسروں کی ذاتی معلومات شیئر کرکے انہیں ہراساں کرنا بند کریں۔واضح رہے کہ طوبیٰ انور نے شہرہ آفاق ٹی وی میزبان مرحوم عامر لیاقت حسین سے 2018ء میں خفیہ شادی کی تھی، جس کا اعلان 2020ء میں کیا گیا تھا۔
شادی کے اعلان کے صرف ایک سال بعد ہی دونوں کے درمیاں علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں اور بعد ازاں 2022ء میں طوبیٰ انور نے عامر لیاقت حسین سے خلع لینے کی تصدیق کردی۔