وزیرِ اعظم آئیں گے اور بہت کچھ دے کر جائیں گے: گورنر خیبرپختونخوا غلام علی


پشاور (قدرت روزنامہ)خیبر پختون خوا کے گورنر غلام علی کا کہنا ہے کہ دو چار دن میں وزیرِ اعظم شہباز شریف آئیں گے اور بہت کچھ دے کر جائیں گے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر غلام علی نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، صوبائی نگراں کابینہ کے لیے کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دو دن میں صوبائی کابینہ تشکیل دے دی جائے گی، انتخابات پر الیکشن کمیشن کام کر رہا ہوگا، وہ مجھے خط لکھیں گے، الیکشن کے لیے آئین میں وقت دیا گیا ہے۔گورنر خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ اب تو اس پر بات ہو رہی کہ استعفے واپس لیے جائیں، اس پر دھرنے دیے جا رہے ہیں، ہو سکتا ہے کہ یہ لوگ واپس آ جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی بحران پر جلد قابو پایا جائے گا، آٹے کا بحران بھی جلد ختم ہو جائے گا۔گورنر کے پی کے کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خود ٹیکنوکریٹ ہیں، وہ اہل لوگوں کو کابینہ میں شامل کریں گے، عوامی نمائندہ ہوں، اپنی سیکیورٹی کے بارے میں اتنا نہیں سوچتا۔