شہناز گل، سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کے گانے میں جلوہ گر


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان عرف سلّو بھائی کی نئی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کا دوسرا گانا ’بلّی بلّی‘ ریلیز ہوگیا ہے۔سلمان خان اس گانے میں پوجا ہیگڑے کے ساتھ رومانس کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ گانے کی ویڈیو میں وینکٹیش دگوباٹی، شہناز گِل اور پلک تیواری کی بھی ایک جھلک دکھائی دی۔
یہ گانا گلوکار سکھبیر نے گایا ہے، بول کمار اور وکی ساندھو نے لکھے ہیں جبکہ موسیقی کو ڈی جے ڈپس، وکی ساندھو اور سپرنووا میوزک نے ترتیب دیا ہے۔اس میوزک ویڈیو میں سلمان سیاہ رنگ کے کوٹ سوٹ، پوجا ہیگڑے لال رنگ کاجبکہ شہناز گِل ہلکے نیلے رنگ کے پھولوں والے لباس ملبوس نظر آئیں۔واضح رہے کہ پلک تیواری اور شہناز گِل اس فلم سے بالی ووڈ میں ڈیبیو دینے جارہی ہیں۔
پلک تیواری اس سے قبل ہارڈی ساندھو کی میوزِک ویڈیو’بجلی بجلی‘ میں نظر آئی تھیں جبکہ شہناز بگ باس سیزن 14 کا حصّہ تھیں اور اس کے بعد وہ متعدد میوزک ویڈیوز اور دلجیت دوسانجھ کے ساتھ ایک فلم میں نظر آئیں۔
فرہاد سمجی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کو سلمان خان نے پروڈیوس کیا ہے۔ اس فلم میں سلمان خان، وینکٹیش دگوباٹی، پوجا ہیگڑے، جگپتی بابو، بھومیکا چاولہ، وجیندر سنگھ، ابھیمنیو سنگھ، راگھو جوئیل، سدھارتھ نگم، جسّی گِل، شہناز گِل، پلک تیواری اور ونالی بھٹناگر نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔