پاک بحریہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہے،نیول چیف کایوم دفاع کے موقع پرقوم کے نام پیغام
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،آج پاک بحریہ کے تمام آفیسرز اور جوان ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے اپنے عزم کو دہراتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کیلئے ایک ترقی یافتہ اور پر امید مستقبل مہیا کیا جا سکے۔یوم دفاعِ پاکستان کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ چھ ستمبر ہماری تاریخ کا ایک تابندہ دن ہے،یہ دن دشمن کی کھلی
جارحیت کے خلاف پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ قوم کے اس عزم نے ہمارے شہداء و غازیوں کے ناقابل تسخیر جذبے کو جلا بخشی۔یہ دن ہمارے شہداء اور غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے مادر وطن کی سالمیت و بقاء کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
