بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے معاشی رفتار کو بہترین قرار دے دیا، شوکت ترین
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہےکہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے معاشی رفتار کو بہترین قرار دیا ہے، حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں سے معاشی سمت درست ہوئی، تجارتی اعتماد بڑھا اور محصولات میں اضافہ ہوا ہے، عام آدمی کی مشکلات مہنگائی کو کم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے تجارتی توازن سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیراقتصادی امورعمرایوب خان، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیکرٹری خزانہ، گورنرسٹیٹ بینک، سرمایہ کاری بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سینئیرحکام نے شریک ہوئے۔ عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ معاشی پھیلاؤ کی وجہ سے اقتصادی سرگرمیاں بحال ہوئیں، درآمد کی جانیوالی اشیاء کورونا ویکسن اورخام مال کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جس سے جولائی اوراگست میں درآمدات بھی بڑھ گئی ہیں۔
وزیرخزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت تجارت کو ماہانہ بنیادوں پر درآمدات اوربرآمدات کا تجزیہ کرنا چاہیے، ملکی معیشت بڑھوتری کے مرحلہ میں ہے، گزشتہ مالی سال شرح نمو 4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، تجارتی خسارہ پائیدار سطح پر ہونے سے معیشت کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں سے معاشی سمت درست ہوئی، تجارتی اعتماد بڑھا اور محصولات میں اضافہ ہوا ہے، عام آدمی کی مشکلات مہنگائی کو کم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
دوسری جانب معاون خصوصی عثمان ڈار نے ٹویٹر پر کہا کہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے30 ہزار نوجوانوں کو روزگار فراہم کردیا گیا، سب سے زیادہ روزگار لاہور، بہاولپور اور ملتان کے نوجوانوں نے حاصل کیا، 83 فیصد مرد اور 17 فیصد خواتین کو قرض دیا گیا۔
