صرف جیالا وزیراعظم نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب بھی جیا لاچاہیے
دہلی (قدرت روزنامہ) بلاول بھٹو سیاسی میدان میں اتر چکے ہوئے ہیں اور آئے روز حکومت کو للکارتے نظرآتے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ایک سازش کے تحت پنجاب میں نقصان پہنچایا گیا۔میلسی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میلسی کے عوام نے ثابت کردیا کہ پنجاب کا بھٹو زندہ ہے، آپ نے ذوالفقار علی بھٹو، شہید رانی اور آصف زرداری کا ساتھ دے کر تاریخ رقم کی، آج میں پھر آپ کی مدد مانگنے کے لیے آیا ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آپ ہمارا ساتھ دیں، ہم پنجاب اور پاکستان کی قسمت بدل دیں گے، امید ہے آپ عوامی حکومت بنا کر دیں گے، صرف جیالا وزیراعظم نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب بھی چاہیے،اس کے لیے پنجاب کے جیالوں کو جاگنا ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام کے پیٹ اور جیب پرڈاکا ڈالا،ہم حساب لیں گے، خود چینی، آٹا اور تیل چور نکلا،اب روزگار چور بھی نکلا ہے، عمران نے 1 کروڑ نوکری دینیکا وعدہ کیا تھا،پوچھتا ہوں کتنا روزگار ملا؟بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان نے20 ہزار خاندانوں کو بیروز گار کردیا ہے، بے روزگاری کے خلاف عدالتوں اور پارلیمنٹ میں مقابلہ کریں گے، ظالم حکمران کو روزگار چوری نہیں کرنے دیں گے، ہمیں موقع دیا تو پہلی ذمہ داری روزگار دینا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری نے مشرف کو بھگایا، ہم اس نالائق کو بھگائیں گے، عوامی حکومت عوامی مسائل حل کریگی، اس وقت ملک میں تاریخی غربت، بیروزگاری اور مہنگائی ہے، ہم نے اپنے دور میں تنخواہوں میں 120فیصد اور پینشن میں 100فیصد اضافہ کیا، فوجی جوانوں کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا۔
