پنجاب

لال حویلی کو ایک بار پھر نوٹسز جاری، شیخ رشید کے بھائی نے چیلنج کردیے


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)متروکہ وقف املاک بورڑ نے لال حویلی کو ایک بار پھر نوٹسز جاری کر دیے جنہیں شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق نے عدالت میں چیلنج کر دیا۔ نوٹس میں شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق کو 4 مئی کو وقف املاک بورڈ لاہور میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک راولپنڈی نے لال حویلی کی مستقل ٹرانسفرڈیڈ کا کیس چئیرمین کو بھیجا ہے۔
اس حوالے سے شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں رٹ پٹیشن دائر کر دی۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ لال حویلی کے نام ایک مرتبہ پھر نوٹسز جاری کرنا سیاسی انتقامی کارروائی ہے، متروکہ وقف املاک میں ہماری اپیل پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
شیخ صدیق نے درخواست میں کہا کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے اپیل پر فیصلے سے پہلے ہی نیا کیس چیئرمین کو بنا کر بھیجا، لال حویلی کی تمام دستاویزات متروکہ وقف املاک کو دیے ہیں۔واضح رہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے 30 جنوری کو لال حویلی کے 7 یونٹ سیل کر دیے تھے۔
لاہور ہائی کورٹ نے 15 دن کے اندر لال حویلی کے تنازع کو حل کرنے کا حکم دیا تھا۔ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے شیخ رشید کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ لال حویلی کے 3 یونِٹس کی مستقل ٹرانسفرڈیڈ شیخ صدیق پیش نہیں کر سکے۔

متعلقہ خبریں