بلوچستان کے حجاج کی واپسی شروع، قومی ائرلائن کی 2 پروازیں کوئٹہ پہنچ گئیں


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) قومی ائرلائن نے بلوچستان کے حجاج کی واپسی کے لیے حج آپریشن کا آغاز کردیا ، جس کے تحت 2 پروازیں سعودی عرب سے کوئٹہ پہنچ گئیں۔پی آئی اے حج آپریشن کے تحت بلوچستان سے فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے حجاج کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں قومی ائرلائن کی 2 پروازوں PK6002 اور PK6004 کے تحت آج جدہ سے 302 حجاج کرام کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچ گئے۔
محکمہ مذہبی امور کے حکام اور جنرل منیجر پی آئی اے بلوچستان نے کوئٹہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حجاج کرام کا استقبال کیا۔ پی آئی اے آپریشن کے ذریعے 30 جولائی تک حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ رواں برس 9 ہزار سے زائد عازمین بلوچستان کے مختلف اضلاع سے حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔