پی آئی اے نے مختلف ممالک کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کر دیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی آئی اے کا زرمبادلہ میں اضافے کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ، قومی ایئرلائن نے مختلف ممالک کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے مختلف ممالک کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آج پہلی پرواز کینیائی دارالحکومت نیروبی روانہ ہوگی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نیروبی کے لیے 3خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی، 2پروازیں لاہور اور ایک پروازاسلام آباد سے روانہ ہوگی۔ پہلی پرواز آج پنجاب کے دارالحکومت سے نیروبی کے لیے اڑان بھرے گی۔کینیا کے دارالحکومت کیلئے پی آئی اے بوئنگ777طیارے استعمال کرے گی۔ قومی ایئرلائن کی کرغزستان کے دارالحکومت بشکک کے لیے 8پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
پی آئی اے آئندہ ہفتے بشکک کے لیے لاہور سے 5پروازیں آپریٹ کرے گی۔ 3پروازیں ملتان سے بشکک روانہ ہوں گی۔قومی ایئرلائن نے متحدہ عرب امارات کے شہر راسل خیمہ کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ایئرلائن18ستمبر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشمبے کے لیے بھی خصوصی فلائٹ آپریٹ کرے گی۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا کہنا ہے کہ خصوصی پروازیں آپریٹ کرنے سے زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے نے کابل کیلئے معمول کا فلائٹ آپریشن شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ مسافروں کی کم تعداد کے باعث کیا ہے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی آج(بدھ کو) کوئی پرواز کابل نہیں جائے گی، چارٹرڈ پرواز بھی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کے باعث نہیں چلائی جارہی۔ انہوں نے بتایا کہ کابل کیلئے صرف خصوصی پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پہلی پرواز 13 ستمبر کو مسافروں کو لے کر کابل گئی اور وہاں سے مسافروں کو واپس لائی تھی۔افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے6249 کابل کے مقامی وقت کے مطابق 9:45 پر پہنچی۔ اس سلسلے میں کابل ائیرپورٹ کے لیے افغان سول ایوایشن اور مقامی پی آئی اے عملےکے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ افغانستان میں پاکستان کے سفیر جناب منصور احمد ودیگر سفارتی عملے نے بھی کاوشیں کیں۔ تربیت یافتہ ائیرپورٹ عملے نے ڈیوٹی جوائن کرکے پروازہینڈل کی جبلہ کابل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا نام اور پرواز نمبر آویزاں کیا گیا۔
