مہنگی بجلی کیخلاف ہڑتال، احتجاجی مظاہرے، گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ

اسلام آباد / کراچی / لاہور(قدرت روزنامہ) ملک بھر میں مہنگی بجلی کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے جاری ہیں . بالاکوٹ میں تاجر برادری نے بجلی بلز میں اضافہ مسترد کر دیا اور انجمن تاجران کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی .

بجلی بلز میں ٹیکسز کی بھرمار اور مہنگائی کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی . حیدرآباد چیمبر آف کامرس کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی . شہر کے تمام چھوٹے و بڑے کاروباری مراکز اور دکانیں مکمل بند رہے . تاجروں نے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ٹیکسز ختم کرنے کا مطالبہ کیا . مانسہرہ میں انجمن تاجران کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی . شہر سمیت ضلع بھر میں تمام کاروباری مراکز بند رہے . پنڈ دادن خان میں انجمن تاجران کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن کی گئی . چیچہ وطنی میں بھی بجلی بلوں کے خلاف چیچہ وطنی بار کی کال پر مکمل ہڑتال کی گئی . تاجران کی بڑی تعداد نے احتجاج کے لیے مرکزی چوک سے واپڈا کے دفتر تک ریلی نکالی اور دفتر کے باہر دھرنا دیا . کامرہ کینٹ میں چھچھ کے علاقے میں بجلی بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا . مظاہرین نے ظالمانہ ٹیکس کے خاتمے تک بل جمع نہ کرانے کا اعلان کیا . انہوں نے غریب پر ظلم بند کرو اور سول نافرمانی کے نعرے لگائے .

راولپنڈی میں سینکڑوں شہریوں نے بکرا منڈی آئیسکو گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کر لیا اور بجلی کے بل جلا ڈالے . شہریوں نے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی . انہوں نے کہا کہ بلز میں ٹیکسز کے نام پر ہمارا خون نچوڑا جا رہا ہے، نہ بل جمع کروائیں گے نہ گھروں سے بجلی کاٹنے دینگے . احتجاج کے باعث ٹریفک بلاک ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں گئی . چارسدہ میں اے این پی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت و محکمہ واپڈا کے خلاف شدید نعرہ بازی کی . مقررین نے کہا کہ خیبرپختون خوا میں ساری بجلی ہائیڈل سے پیدا ہو رہی ہے، اس کے باوجود بجلی بلز میں فیول ایڈجسٹمنٹ وصول کی جا رہی ہے . صوابی میں چھوٹا لاہور اور کرنل شیر خان کلے میں احتجاج کیا گیا . مظاہرین نے صوابی، مردان اور چھوٹا لاہور ، یارحسین روڈز کو بند کردیا . مظاہرین نے کہا کہ شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے مزید امتحان میں نہ ڈالا جائے . . .

متعلقہ خبریں