ماہرہ خان کو فلسطین کی حمایت کرنا مہنگا پڑگیا


کراچی(قدرت روزنامہ)فلسطین کی حمایت کرنے پر سُپر اسٹار ماہرہ خان کا آفیشل انسٹاگرام ہینڈل “شیڈوبین” ہوگیا۔میٹا کی سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام فلسطین کے حق میں بولنے والے اکاؤنٹس کو “شیڈوبین” کرنے لگ گیا ہے، اب تک انسٹاگرام پر کئی اکاؤنٹس کو “شیڈوبین” کردیا گیا جن میں اب معروف اداکارہ ماہرہ خان بھی شامل ہوگئی ہیں۔
شیڈوبین کیا ہے؟
میٹا کی سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر جب کسی اکاؤنٹ کو شیڈوبین کیا جاتا ہے تو اُس صارف کی پوسٹ اُس کے فالوورز کی انسٹاگرام فیڈز کے اوپر نظر نہیں آتی جبکہ وہ اکاؤنٹ سرچ لِسٹ میں بھی نہیں آتا۔
شیڈوبین کی وجہ سے پوسٹ پر ویوز بھی نہیں آتے کیونکہ وہ پوسٹ انسٹاگرام صارفین تک پہنچتی ہی نہیں، اب انسٹاگرام اُن تمام صارفین کے اکاؤنٹس کو “شیڈوبین” کررہا ہے جو فلسطین کے حق میں تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کررہے ہیں، ناصرف انسٹاگرام بلکہ فیس بُک پر بھی فلسطین کے حمایتی پیجز کو بلاک کیا جارہا ہے۔
ماہرہ خان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ “شیڈوبین”:
ماہرہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں طنزیہ انداز میں کہا کہ ‘زبردست! میرا انسٹا شیڈوبین ہوگیا’۔

اداکارہ اس پابندی کے باوجود بھی فلسطین کی حمایت سے پیچھے نہ ہٹیں اور اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری فلسطین کا جھنڈے والا ایموجی بھی پوسٹ کردیا۔یاد رہے کہ ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر غزہ کے معصوم بچوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پوسٹ شیئر کی تھی جس کی وجہ سے اُن کا اکاؤنٹ شیڈوبین کیا گیا۔
واضح رہے کہ غزہ کے الاحلی اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں معصوم فلسطینیوں کی شہادت کے بعد دنیا بھر میں شدید غم و غصہ ہے اور صیہونی فوج کے بھیانک و انسانیت سوز جنگی جرم کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بدترین اور وحشیانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3700 تک پہنچ گئی ہے، جن میں ایک ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔