محکمہ پی ایچ ای نوشکی نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی شروع کر دی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی محتسب بلوچستان ادارہ عوام کو صوبائی سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں درپیش مسائل کے حل کیلئے آئین اور قانون کے مطابق کارروائی انجام دے رہا ہے لہذٰا اس سلسلے میں چلتن ہاؤسنگ سکیم کوئٹہ کو واسا کوئٹہ اور ضلع نوشکی کے محلے میں محکمہ پی ایچ ای نوشکی نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی شروع کر دی ، صوبائی محتسب بلوچستان کے ترجمان کے مطابق چلتن ہاؤسنگ سکیم کے مکینوں نے صوبائی محتسب بلوچستان کو درخواست دی تھی کہ ان کے رہائشی سکیم کیلئے جاری پانی کے کنکشن کو 2 ماہ پہلے محکمہ واسا کوئٹہ کے متعلقہ حکام نے بغیر کسی وجہ کے کاٹ دیا تھا تاہم انہوں نے پانی کی فراہمی کیلئے واسا کوئٹہ کے حکام بالا سے رابطہ کیا تو نے کہا کہ مذکورہ بالا رہائشی سکیم میں پانی کی فراہمی واسا نہیں بلکہ محکمہ پی ایچ ای کوئٹہ کی ذمہ دراری ہے، اسکیم کے رہائشیوں نے صوبائی محتسب سے درخواست کی کہ وہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واسا کوئٹہ کو ہدایات جاری کریں، صوبائی محتسب نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹر انویسٹیگیشن عبدالمنان اچکزئی نے نوٹس جاری کرتے ہوئے واسا کوئٹہ کے متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی، دریں اثناء سپروائزر واسا نواں کلی نے مقدمے کی سماعت کے موقع پر چلتن ہاؤسنگ سکیم میں پانی کے عدم فراہمی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ چلتن سکیم میں موجود دونوں ٹیوب ویل تیکنیکی خرابی کی وجہ سے غیر فعال تھے لہذٰا واسا کوئٹہ نے دونوں ٹیوب کی مرمت کے بعد چلتن ہاؤسنگ سکیم کے رہائشیوں کو پانی کی فراہمی شروع کر دی ہے، علاؤہ ازیں ایک دوسرے مقدمے میں صوبائی محتسب بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ضلع نوشکی سے درخواست گذار کے شکایت کا ازالہ کرتے ہوئے محکمہ پی ایچ ای نوشکی کے متعلقہ حکام نے درخواست گذار کے محلے پائپ لائن بچھانے کے بعد پینے کے صاف پانی کی فراہمی شروع کر دی ، اپنے شکایات کا ازالہ ہونے پر درخواست گزاروں نے صوبائی محتسب بلوچستان کا شکریہ ادا کیا ۔