اسپین میں پاک فوج کے حق میں ”پاکستان زندہ باد“ ریلی کا انعقاد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسپین میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں بچوں، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ریلی کے شرکا نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر زندہ باد، پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کئے، شرکا نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اور آرمی چیف عاصم منیر کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔
ریلی سے خطاب میں چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن نے کہا کہ ایک سال میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اوورسیز پاکستانی اپنے آرمی چیف اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔
ان کا مزید کہناتھا کہ ہم دنیا کے جس بھی خطے میں رہیں گے، افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، افواج پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے جو بھی اس کو کراس کرے گا ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے، جو پاک فوج اور عوام کو علیحدہ کرنا چاہتے ہیں وہ پاکستان کے دشمن ہیں۔
عوام کو پاک فوج سے بدظن کرنا بھارت کا خواب ہے، چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن عزیز میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور ملک کی مضبوطی چاہتے ہیں،جس طرح پاکستان استحکام کی راہ پر چل نکلا ہے، مزید دو سال تک عاصم منیر ملکی معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔