عوام کی مسترد کردہ جعلی لیڈر شپ کو سندھ اسمبلی میں بٹھایا گیا: حافظ نعیم الرحمان
کراچی(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ فارم 47 کی بنیاد پر بننے والی جعلی لیڈر شپ ہے جو سندھ اسمبلی میں بٹھائی گئی ہے، عوام نے ان کو مسترد کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کارکنوں نے آج آمریت اور فسطائیت کا مقابلہ کیا ہے، تمام کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل رات سے ہی ناکہ بندی کی گئی ہے، ایسا لگ رہا ہے جیسے کسی فوج کا مقابلہ کیا جارہا ہے، ہم تو نہتے لوگ ہیں، یہ لوگ جعلی طریقے سے ہم پر مسلط ہیں، ہم ٹیکس دیتے ہیں تو ملک کا نظام چلتا ہے، ہم پٹرول، گیس اور بجلی پر ٹیکس دیتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے تم لوگ کاریگری کرتے ہو، ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے تم فارم 47 کی بنیاد پر قبضہ کرتے ہو، اپنے ٹیکس کا پیسہ ہم ان جعلی حکومت سے چھڑوائیں گے، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کا جعلی اتحاد ہے، ان کو جتوایا گیا ہے، یہ جعلی حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں، بڑے میاں صاحب تو گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو جعلی مینڈیٹ کے ساتھ آئے ہیں ایک ایک کرکے رسوا ہوں گے، ہم پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم تعلیمی اداروں میں تحریک چلائیں گے، ہم حق اور سچ کی بنیاد پر اپنے مینڈیٹ کے ساتھ کھڑے ہیں، تم گولیوں اور آنسو گیس کے شیل پھینک کر کتنے لوگوں کو روک سکتے ہو؟
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اصل اسمبلی اب پورے سندھ اور پاکستان میں سج رہی ہے، ہوش کے ناخن لو،عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرو، کراچی میں ووٹ پی ٹی آئی کو ملے یا جماعت اسلامی کو، پیپلزپارٹی کہاں سے آگئی، ایم کیو ایم والے کہاں سے مسلط کردیئے گئے؟
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ان لوگوں کو مسلط کرکے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟ ایم کیو ایم کو پورے کراچی سے 1لاکھ ووٹ بھی نہیں ملا، تم نے ایم کیو ایم کو 15 سیٹیں تحفے میں دے دیں، ایم کیو ایم والے بکاؤ مال ہیں، ایم کیو ایم کو سیٹیں دیکر کراچی اور حیدر آباد کے ساتھ مذاق کیا گیا ہے۔