اسلام آباد

عمران خان نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس، ہائیکورٹ کے ججوں کے معاملے پر فل کورٹ بنائیں: گوہر خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کے معاملے پر فل کورٹ بنائیں کیونکہ عدلیہ مکمل طور پر آزاد ہونی چاہیے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ججز کے خط اور موجودہ صورتحال پر بات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے سوموٹو ایکشن پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 مئی کے خلاف ہماری پٹیشن کو فوری سنا جائے، بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کی درخواست بھی سپریم کورٹ میں موجود ہے اس پر بھی فیصلہ کیا جائے۔ فارم 45 کو کیسے فارم 47 میں تبدیل کیا گیا تمام میٹریل سپریم کورٹ میں جمع ہیں۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ بشریٰ بی بی کو زہر دیا جارہا ہے، ہم محاذ آرائی نہیں چاہتے، سب جانتے ہیں کہ بشریٰ بی بی کو کس نے بنی گالہ میں رکھا، بشریٰ بی بی کی ذمہ داری ان لوگوں پر ہے جن لوگوں نے ان کو سب جیل میں رکھا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو نے قبول کیا توشہ خانہ کیس کی کوئی بنیاد نہیں، القادر یونیوسٹی کا کیس بھی چل رہا ہے، ٹرسٹی کبھی مالک نہیں ہوتے۔ 190 ملین پاؤنڈ میں گواہان نے تسلیم کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے کوئی فائدہ نہیں لیا، توشہ خانہ میں بھی تسلیم کر لیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس بے بنیاد ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے الیکشن کو روکا گیا، بتایا جائے کہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن نے ہماری بات کیوں تسلیم نہیں کی۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آرٹیکل 61 کے تحت اس کو دیکھا جائے کہ جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ کیسے دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جو خواتین جیل میں ہیں ان کی ضمانتیں ہوئی تو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خواتین کے بنیادی حقوق کو سلب کیا جارہا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں ان کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے۔ بشریٰ بی بی کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہم پہلے بھی آگاہ کرچکے ہیں، سلو پوائزنگ کے حوالے سے بشریٰ بی بی نے خود بھی میڈیا کو آگاہ کرچکی ہیں۔

متعلقہ خبریں